پاکستان
20 جون ، 2016

ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے شعبہ کیمیا پر ویڈیو بک مرتب کرلی

ڈاکٹر عطا الرحمٰن نے شعبہ کیمیا پر ویڈیو بک مرتب کرلی

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عطا الرحمن نے پاکستان میں پہلی مرتبہ نامیاتی کیمیاکے موضوع پر ویڈیو بک مرتب کی ہے۔یہ ویڈیو بک ایم آئی ٹی، یالے اور یونیورسٹی آف کیلیفورنیا سمیت دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے تقریباً 300 لیکچرز کے ویڈیو لنکس پر مشتمل ہے۔


بین الاقوامی شہرت کے حامل نوبل انعام یافتہ فرانسیسی سائنسدان پروفیسر جین میری لیھن نے اس کتاب کے پیش لفظ میں اسے نامیاتی کیمیاکے طلبہ کیلئے ایک موثر حوالہ قرار دیا ہے۔ یہ ویڈیوبک بلامعاوضہ تقسیم کی جائے گی۔


بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ایک سینئرآفیشل نے کہا ہے کہ پروفیسر عطا الرحمن ، جو اعلیٰ تعلیمی کمیشن پاکستان کے سابق سربراہ ہیں، اور ان کی ساتھی کارکن سیدہ سعدیہ خاتون نے اس کتاب کو ’’نامیاتی کیمیاکے بنیادی اُصول، ایک مجموعہ برائے ویڈیو لیکچرز‘‘ کے عنوان سے مرتب کیا ہے۔ انہوں نے کہا اس کتاب کو ایک عام ٹیکسٹ بک کے انداز میں مرتب کیا گیا ہے لیکن اس میں کوئی ٹیکسٹ یا تحریری مواد موجود نہیں ہے بلکہ خالصتاً لیکچرز کے ویڈیو لنکس پر مشتمل ہے۔


پروفیسر جین میری لیھن نے اس کتاب کے پیش لفظ میں کہا ہے کہ اس کتاب کی تدوین میں مولفین نے انتہائی مہارت اور احتیاط سے کام لیا ہے۔ یہ ایک منظم کتاب ہے جو تدریسی اور انتقالِ معلومات کے طریقوں کے ارتقائی عنوان سے ایک کارآمد کوشش و سعی ہے۔


پروفیسر عطاءالرحمن نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے حوالے سے ترقی پذیر دنیا میں سب سے بڑا چیلنج بلند معیار اور اعلیٰ تعلیم یافتہ تدریسی عملے کی عدم موجودگی ہے۔ انہوں نے کہا اسی چیلنج کے پیش نظر اس ویڈیو بک کو مرتب کیا گیا ہے جو معیاری تعلیم کی فراہمی کا ایک موثر وسیلہ بن سکتی ہے، یہ اپنی نوعیت کی پہلی کتاب ہے جو برائے فروغ علم بلامعاوضہ تقسیم کی جائے گی۔


واضح رہے کہ پروفیسر عطاءالرحمن نے نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری اور اعلیٰ تعلیم کے شعبہ جات میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں، انہیں ملکی و غیر ملکی اعزازات و انعامات سے نوازا گیا ہے جس میں نشان امتیاز سمیت دیگر چاراعلیٰ قومی اعزازات بھی شامل ہیں، آسٹریا کی حکومت کی جانب سے انہیں اعلیٰ سول ایوارڈ بھی عطا ہوا ہے۔


مسلم دنیا سے صرف پروفیسر عطاءالرحمن کو برطانوی ایف آر ایس کے لئے منتخب کیا گیا ہے، جبکہ نونیسکو سائنس پرائز سے بھی انھیں سرفرازکیا گیا ہے، ملائیشیاکی سب سے بڑی یونیورسٹی ٹیکنالوجی مارا نے ’’عطا الرحمن انسٹی ٹیوٹ آف نیچرل پروڈکٹ ڈسکوری‘‘ کے نام سے ایک تحقیقی ادارہ بھی قائم کیا ہے۔


شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر اور آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے پروفیسر عطاالرحمن کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔


 


 

مزید خبریں :