دنیا
20 جون ، 2016

دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا آج عالمی دن

دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا آج عالمی دن

 


آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا عالمی دن منایاجارہا ہے ۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا شمار دنیا کے ایسے تین ملک میں ہوتا ہے جہاں اب بھی دوسرے ملکوں سے آئے ہوئے پناہ گزینوں کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہے۔


مہاجرین کا عالمی دن ہر سال 20 جون کو منایا جاتا ہے۔ پاکستان میں افغان مہاجروں کی پہلی بار 1980 کی دہائی میں آمد شروع ہوئی تھی جب افغانستان میں سویت جنگ کا آغاز ہوا تھاجسکے بعد لاکھوں افغان مہاجرین نے پاکستان میں پناہ لی۔


یو نائیٹڈ نیشن ہائی کمشنر فار رفیوجیز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب بھی پندرہ لاکھ سےزائد افغان مہاجرین ہیں ۔ ان میں سے بہت سے افغان مہاجرین نے یہاں نہ صرف اپنا مستقل گھر بنا لیا بلکہ یہاں کاروبار مستحکم کر لئے ہیں۔


حکومت پاکستان نے 2005 سے افغان مہاجرین کو پروف آف رجسٹریشن کارڈ جاری کرنے شروع کیے۔


یو این ایچ سی آر کے مطابق اب تک 15 لاکھ 64 ہزار سے زائد افغان مہاجرین کو رجسٹریشن کارڈ جاری کیے جاچکےہیں جبکہ 2016 کے اختتام پر پی او آر کارڈ کی مدت ختم ہوجائے گی جسکے بعد افغان مہاجرین کا پاکستان میں قیام کرنا مشکل ہوجائے گا۔


یو این ایچ سی آر کے مطابق اس سال نادرا نے 12 ہزار 7 سو افغانوں کو رجسٹرڈ اور 9 ہزار افغان بچوں کو برتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے ہیں۔اسی دوران پاکستان سےافغان مہاجرین کی واپسی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔


اس سال اب تک تین ہزار سے زائِد افغان پناگزینوں کوقومی پالیسی کے تحت واپس وطن بھیجا جاچکا ہے۔جبکہ پچھلے سال 58 ہزار افغان مہاجرین وطن واپس لوٹے ہیں۔سندھ میں 71 ہزار سے زائد افغان مہاجرین رہائش پذیر ہیں۔جن کی اکثریت کراچی میں مقیم ہے۔


پناگزینوں کا دن منانے کا اہم مقصد عوام کی توجہ ان لاکھوں مہاجروں یا پناہ گزینوں کی طرف دلوانہ ہے کہ جو مختلف وجوہات کی وجہ سے اپنا گھر بار چھوڑ کر ان کے ملک آئے ہیں۔

مزید خبریں :