پاکستان
09 جولائی ، 2016

بے سہاروں کا سہارا ، عبدالستار ایدھی انتقال کرگئے

بے سہاروں کا سہارا ، عبدالستار ایدھی انتقال کرگئے

 


لاوارثوں کا وارث ،بے کسوں کا سہارااوردکھی انسانیت کا مسیحا، عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کراچی میں انتقال کر گئے۔ ان کی تدفین آج بعد نماز ظہر سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی ۔جنازے میں وزیر اعلیٰ پنجاب وزیراعظم کی نمائندگی کریں گے۔ 


عبدالستار ایدھی اب ہم میں نہیں رہے ،ان کا انتقال جمعے کی شب 11بجے کے بعد ہوا ۔ان کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ لوگ بڑی تعداد میں ایدھی سینٹر پہنچنے لگے، جہاں ہر طرف رقت آمیز مناظر تھے۔


عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے صحافیوں کو بتایا کہ عبدالستار ایدھی کی نماز جنازہ بعد نماز ظہر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ادا کی جائے گی، جہاں سندھ پولیس کا دستہ انہیں سلامی پیش کرے گا اور انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا ۔


فیصل ایدھی نے بتایا عبدالستار ایدھی نے 25 برس پہلے ہی ایدھی ولیج میں خود اپنے لیے قبر تیار کرا رکھی تھی ۔انہوں نے جو کپڑے پہن رکھے تھے ، اُسی میں تدفین کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا عبدالستار ایدھی نے اپنے اعضا عطیہ کرنے کی وصیت کی تھی۔


واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی گردوں کے مرض میں لاحق میں تھے ۔ ان کے دونوں گردوں نے کام کرنا چھوڑدیا تھا۔ ڈائیلاسز کے دوران ان کی طبیعت بگڑی ، چند گھنٹے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔


عبدالستار ایدھی کے انتقال پر ملک بھر میں سوگ کی کیفیت ہے، ہر دل بھاری اور ہر آنکھ اشک بار ہے،سیاست دانوںاور سماجی شخصیات سمیت ہر شعبہ زندگی کی شخصیات نے ان کو شاندار الفاظ میںخراج عقیدت پیش کیا ہے۔


 

مزید خبریں :