پاکستان
13 جولائی ، 2016

کئی سیاست دانوں نے ایک سے زیادہ شادیاں کیں

کئی سیاست دانوں نے ایک سے زیادہ شادیاں کیں

 


صرف عمران خان ہی واحد سیاستدان نہیں جو تیسری بار سہرا سجانے جا رہے ہیں،سیاسی میدان کی کئی اہم ترین شخصیات دو، تین اور حتیٰ کہ 7 شادیاں بھی کر چکی ہیں۔


یوں تو شادی ہرشخص کا ذاتی معاملہ ہے،مگر جب بات ہو عوامی نمائندگی کرنے والوں کی تو ان کےنجی معاملات بھی میڈیا اور عوام میں زیربحث آجاتے ہیں۔


ملکی سیاسی تاریخ پرنظردوڑائیں تو سب سے زیادہ شادیاں کرنے والوں میں سر فہرست ہیں سابق گورنر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر جنہوںنے 7 شادیاں رچائیں،آخری دلہن لائے خود سے 3گنا چھوٹی عمر کی۔


سینئر پارلیمنٹیرینز اور وفاقی وزیر رہنے والی شخصیات اعظم خان ہوتی 4،مخدوم امین فہیم 3،حفیظ پیرزادہ 3 اور موجودہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی 3 شادیاں کرچکے ہیں۔


ایسی شخصیات کے زبان زد عام تعلقات یا غیراعلانیہ شادیوں کی تصدیق کبھی نہیں ہوسکی، اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے حمزہ شہباز کا نام بھی لیاجاتاہے۔


پاکستانی معاشرے میں دوسری شادی کو ہی بہت سوالیہ اور تنقیدی نگاہ سے دیکھا جاتاہے تاہم موجودہ اور سابق پارلیمنٹ کے کئی درجن معزز ارکان دو، دو شادیاں کرچکے ہیں، ان میں اعظم سواتی، سمیرا ملک، تہمینہ دولتانہ، ذوالفقار کھوسہ اور ان کے صاحبزادے سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ،عائلہ ملک، راجا بشارت اور کئی دیگر سیاسی شخصیات شامل ہیں۔


بعض موجودہ یا سابق وزرا سمیت کئی رہنما ایسے بھی ہیں جنہوں نے مبینہ طور پر دوسری شادی کی لیکن اسے ظاہر یا تسلیم کبھی نہیں کیا، اب اگرعمران خان 2ناکام شادیوں کے بعد تیسرا بیاہ رچانے جا رہے ہیں تو یہ کوئی انوکھی بات نہیں بلکہ یوں لگتا ہے شادیاں کرنا ہماری سیاسی روایات کا حصہ بن چکا ہے۔

مزید خبریں :