پاکستان
14 جولائی ، 2016

اسلام آباد کو دہشت گردی کے بڑے حملے سے بچایا ، آئی جی

اسلام آباد کو دہشت گردی کے بڑے حملے سے بچایا ، آئی جی

آئی جی اسلام آباد طارق مسعود یاسین نے انکشاف کیا ہے کہ جون کے پہلے ہفتے میں وفاقی دارالحکومت کو اتنے بڑے دہشت گرد حملے سےبچایا ہے کہ سیف سٹی منصوبے پر اربوں روپوں کی قیمت پوری ہوگئی ۔


جس دن ہمیں سیف سٹی کا منصوبہ دیا گیا اس دن شام کو کیک کاٹنا تھا۔اسی دن آئی ایس آئی نے بتایا کہ اسلام آباد پر دہشت گرد حملے کی کلیر کٹ اطلاع ہے۔


اسلام آباد پر دہشت گردوں کے بڑے حملے کی اطلاع پراسی روز سیف سٹی کے تحت نصب کئے گئےکیمروں سے مانیٹرنگ کی گئی گاڑیوں کو چیک کیااور اسلام آباد کو بچا لیا۔

اسلام آباد کو جتنے بڑے حملے سے بچایا ، سمجھیں سیف سٹی منصوبے کی لاگت پوری ہو گئی ۔یہ انکشاف آئی جی اسلام آباد نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں کیا۔کمیٹی کا اجلاس سینیٹر رحمان ملک کی زیر صدرات ہوا۔


پراجیکٹ ڈائریکٹر طاہر اکرم نےبریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت اسلام آباد میں 1850 کیمرے نصب کئے گئے ہیں جن میں تین سو کیمرے ایسے ہیں جو انسان کے چہرے کی واضح شناخت کر سکتے ہیں۔


سسٹم میں ایک وقت میں10 ہزار افراد کے چہروں کو فیڈ کیا جا سکتا ہے ، بلیک لسٹ اور مطلوب افراد کے چہرے اگر فیڈ ہوں تو ان کی آسانی سے شناخت ہو سکتی ہے۔


اجلاس کو بتایا گیا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس ایک ماہ میں پیپر لیس چالان،ای ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرا ئے گی، کوئی بھی ڈیبٹ کارڈ،کریڈٹ کارڈ یا ایزی پیسا کے ذریعے جرمانے کی رقم ادا کر سکے گا۔


ای ٹکٹنگ کے ذریعے مجرموں کے جرائم کا ریکارڈ بھی سامنے آجائے گا، چالان کی مد میں جرمانے کی رقم میں اضافہ کے لئے قانون میں ترمیم بھی کی جا رہی ہے ۔



 

مزید خبریں :