کھیل
22 جولائی ، 2016

دوسرا ٹیسٹ:پہلے دن انگلینڈ کے بیٹسمین پاکستانی بولرز پر حاوی

دوسرا ٹیسٹ:پہلے دن انگلینڈ کے بیٹسمین پاکستانی بولرز پر حاوی

 


پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے 89اوورز میں 4کھلاڑیوں کے نقصان پر 314رنز اسکور کیے۔


مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ کا ٹاس انگلش کپتان ایلسٹر کُک نے جیتا اور بیٹسمینوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا، ابتدا میں اُن کا فیصلہ غلط دکھائی دیا کیوں کہ ایلکس ہیلز کوصرف 25 رنز کے مجموعی اسکور پر محمد عامر نے بولڈ کردیا۔


لیکن پھر کپتان کے ساتھ جو روٹ جم گئے ،پاکستانی کیپٹن مصباح الحق نے اس شراکت کو توڑنے کے لیے اپنے تمام ہی بولرز جلدی جلدی تبدیل کیے مگر وکٹ کسی کے ہاتھ نہ لگی،چائے کے وقفے سے ذرا پہلے ایلسٹر کُک نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 29ویں سنچری مکمل کی۔

اُنہوں نے تین ہندسوں کی اننگز کیلئے 157 گیندیں کھیلیں اور 14 چوکے لگائے، کک 105رنز بنانے کے بعد عامر کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو اس پارٹنر شپ کو بریک لگا جس میں 185 رنز بنے۔


جیمز ونس 18اور گیری بیلنس 23رنز پر آؤٹ ہوگئے، پہلے دن کے میچ کے اختتام پر جوروٹ 141رنز بنا کر جبکہ کرس واک 2رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔


پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور راحت علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔

مزید خبریں :