پاکستان
23 جولائی ، 2016

کورنگی گتے کی فیکٹری میں لگی آگ پرقابو پالیا گیا

کورنگی گتے کی فیکٹری میں لگی آگ پرقابو پالیا گیا

 


کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹائون صنعتی ایریا میں گتے کی فیکٹری اور گودام میں لگنے والی اگ پر نوگھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا،کولنگ کا عمل جاری ہے ۔


کورنگی مہران ٹائون صنعتی ایریا میں واقع گتے کی فیکٹری میں صبح ساڑھے گیارہ بجے کے قریب اچانک آگ لگ گئی جس نے دوسری منزل پر واقع فیکٹری کے گودام کو بھی لپیٹ میں لے لیا ۔


آگ لگنے کے وقت کام کرنے والے ملازمین نے بھاگ کر جان بچائی،دھوئیں کے باعث ایک ملازم بے ہوش ہوگیا ۔آگ کی اطلاع ملنے پر ابتدائی طور پر چار فائر ٹینڈر روانہ کئے گئے،تاہم آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید دو فائر ٹینڈر اور دو واٹر بائوزر بھیجے گئے۔


6 گھنٹے کی کوشش کے بعد فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا تاہم گودام میں لگنے والی آگ پر نو گھنٹے کی کوشش کے بعد قابو پایا جاسکا ، جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے ۔


فائر اسٹیشن آفیسر محمد اشتیاق کے مطابق گودام میں بچوں کےکھلونے ، باڈی اسپرے ، گتے اور پلاسٹک کا سامان ہونے کے باعث آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ،جبکہ آگ کے باعث فیکٹری کی عمارت استعمال کے قابل نہیں رہی ۔


 

مزید خبریں :