پاکستان
24 جولائی ، 2016

حافظ آباد: طاقت کے نشے میں چور عناصر کا نوجوان پر تشدد

حافظ آباد: طاقت کے نشے میں چور عناصر کا نوجوان پر تشدد

 


حافظ آباد میں ایک نوجوان پر طاقت کے نشے میں چور عناصر نے بہیمانہ تشددکیا، ملزمان نے دیدہ دلیری سے ویڈیو بھی انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کردی،ماں کا کہناہے بیٹے کو2ماہ پہلے اغواکیا گیاتھا،باپ کہتا ہے شک ہے بیٹے کو ماردیا گیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا، تنویر کہاں ہے کس حال میں ہے؟ کسی کو خبر نہیں۔

حافظ آباد میں بااثرافرادنےایک نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور ویڈیو انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کردی گئی ، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ، مغوی کو تاحال بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔


طاقت کے نشے میں چور عناصر کی جانب سے کمزوروں اور بے نوائوں پر تشدد کے واقعات اس سے پہلے بھی پاکستان میں سامنے آ چکے ہیں۔

تازہ واقعہ پنجاب کے ضلع حافظ آباد کے علاقے کولو تارڑ میں پیش آیا، جہاں سے ایک نوجوان تنویر کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں کچھ لوگ اسے بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔

تنویر کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا دو ماہ سے لاپتا ہے۔ باربار درخواستیں دینے کے باوجود پولیس نے ان کی کوئی مدد نہیں کی ۔


لیکن تنویر کا سراغ لگا تو اس وڈیو سے جسے دیکھنے کی تاب اس کے والدین تو کیا عام شہری بھی نہیں رکھتے۔ وڈیو میں مار کھاتا ہوا یہ تنویر کہاں ہے، کس حال میں ہے، ابھی یہ نہیں معلوم۔

تنویر کے والدین کا الزام ہے کہ تنویر کو راناعمر ڈان، بلاول، حسنین ظفر اور حامد سمیت علاقے کے 5 بااثر ملزمان اغوا کر کے لے گئے تھے، اس کے بعد انھوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور اپنے سیاہ کارنامے کی تشہیر کے لیے یہ وڈیو انٹر نیٹ پر اپ لوڈ کر دی۔

ان کی یہ دیدہ دلیری ثابت کرتی ہے کہ انھیں پولیس یا قانون کا کوئی خوف نہیں، میڈیا پر خبر نشر ہوئی تو پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے ، تاہم تنویر کو اب تک بازیاب نہیں کرایا جا سکا۔


متاثرہ خاندان نے وزیراعلی پنجاب سے انصاف دلانے کی اپیل کی ہے، لیکن تنویر کی بہ حفاظت واپسی ہی کافی نہیں، ایسے بہیمانہ تشدد میں ملوث عناصر کو مثالی سزا ملنی چاہیے کہ آیندہ کوئی شخص انسانیت کی ایسی تذلیل کے بارے میں سوچ بھی نہ سکے۔

مزید خبریں :