پاکستان
24 جولائی ، 2016

دبئی:زرداری کی زیرصدارت پارٹی کااجلاس بغیرنتیجہ ختم

دبئی:زرداری کی زیرصدارت پارٹی کااجلاس بغیرنتیجہ ختم

 


دبئی میں سابق صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں رینجرز اختیارات سے متعلق پر فی الحال کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا،تقریبا 5گھنٹے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کا اجلاس بغیر نتیجہ ختم ہوگیا ہے ۔


ذرائع کے مطابق دبئی میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کی رہائش گاہ پر ہونے والے اعلیٰ قیادت کے اجلاس میںرینجرز اختیارات ،پانامہ لیکس ،آزاد کشمیر کے انتخابات، پنجاب میں پارٹی عہدوں میں بھی تبدیلیاں بھی زیر غور آئیں۔


اجلاس میں پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئر مین آصف علی زرداری، وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ اور پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر فریال تالپور کے علاوہ دوسرے رہنمائوں نے شرکت کی ۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبہ سندھ میں رینجرز کی کارروائی کے اختیارات صرف کراچی تک محدود کرنے پر زور دیا گیا۔


اس موقع پر رینجرز اختیارات کےحوالے سے بل سندھ اسمبلی میں زیر بحث لانے اور اندرون سندھ کارروائی سے قبل رینجرز کی وزیراعلیٰ سندھ سے اجازت لینے کی بات بھی زیر غور آئی۔


ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کی تبدیلی پر غور کیا گیا ،اس حوالے سے حتمی فیصلہ آج دوبارہ ہونے والے اجلاس میں کیا جائےگا۔


یاد رہے کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات اور صوبے میں اس کے مزیدقیام کے معاملے پر جاری ڈیڈ لاک کے خاتمے کی غرض سے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت دبئی میں سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے اور اتوار کو ہونے والے باضابطہ اجلاس سے قبل ہفتہ کی شب وہاں غیر رسمی مشاورتی عمل شروع ہوگیا ہے۔


اجلاس میں کہا گیا کہ پیپلز پارٹی تمام قومی اداروں کا احترام کرتی ہے اور وہ ان سے ٹکراؤ کی پالیسی پر یقین نہیں رکھتی۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ رینجرز کے اختیارات کا معاملہ افہام و تفہیم کے ماحول میں طے کیا جائے گا تاکہ سندھ میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جاسکے۔

مزید خبریں :