پاکستان
24 جولائی ، 2016

فوج سے متعلق بینرز چودھری نثار نے لگوائے ، لطیف کھوسہ

فوج سے متعلق بینرز چودھری نثار نے لگوائے ، لطیف کھوسہ

 


سابق مشیر قانون لطیف کھوسہ نے الزام لگایا ہے کہ فوج سے متعلق بینرز چودھری نثار نے لگوائے،وزیرداخلہ چاہتے کہ وزیراعظم اور فوج کے تعلقات خراب ہوں اور وہ خود وزیراعظم بن جائیں، رینجرز اختیارات کا مسئلہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔


پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر لطیف کھوسہ نے دبئی میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات شفاف اور منصفانہ نہیں ہوئے، یہ ن لیگ کا طرہ امتیاز بن چکا ہے کہ وہ شفاف الیکشن نہیں ہونے دیتے، پنجاب میں دودھ کی نہریں نہیں بہہ رہیں، وہ جرائم کی آماجگاہ بن چکا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین فوج ہے، راحیل شریف بہترین سپہ سالار ہیں، سندھ میں رینجرز کے اختیارات کا مسئلہ جلد حل ہوجائیگا، آئین کے تحت وزیراعلیٰ پولیس کی مدد کیلئے رینجرز کو بلا سکتے ہیں، آج رینجرز کی حدود و قیود کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔


لطیف کھوسہ نے کہا کہ رینجرز نے یقیناً اچھا کام کیا، لیکن یہ کہنا ٹھیک نہیں کہ پولیس کا کوئی کردار نہیں تھا، چودھری نثار علی خان آپ دھمکیاں نہ دیں، آپ صوبائی خود مختاری میں اسطرح مداخلت نہیں کرسکتے، رینجرز کا آپریشن اگر ضروری ہے تو سارے پاکستان میں ہونا چاہیے۔


ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج معصوم کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہے، پاکستان کا ہر بچہ کشمیریوں کے ساتھ ہے، کشمیر ہماری شہ رگ ہے۔


لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی میثاقِ جمہوریت پر قائم ہے جو شائستگی، جمہوریت اور دیانت کا نام تھا، میثاقِ جمہوریت کرپشن، ڈھونگ اور بدعنوانی کا نام نہیں ہے۔


انہوں نے کہا پاناما لیکس بین الاقوامی کنسورشیئم لے کر آئی ہے، اس کے پیچھے کسی سیاسی جماعت کا ہاتھ نہیں، حکومت پاناما لیکس ٹی او آر پر نہ مانی تو ہم بل لے کر پارلیمنٹ میں جائیں گے، حکومت کا سارا زور اس بات پر ہے کہ پاناما لیکس تحقیقات میں نواز شریف اور ان کی فیملی کا نام نہیں آنا چاہیے۔

مزید خبریں :