پاکستان
26 جولائی ، 2016

کراچی اور بلوچستان کے10 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری

کراچی اور بلوچستان کے10 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری

 


کراچی میں دوسرے روز انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترحمان محکمہ صحت کے مطابق مہم میں 51 یونین کونسلوں کے 8 لاکھ 64 ہزار بچوں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔دوسری طرف بلوچستان کے 10اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری ہے۔


کراچی مہم میں 2200 سے زائد پولیو رضاکاروں کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔ کراچی میں پولیو کا پہلا کیس گڈاپ ٹاؤن سے سامنے آیا تھا۔


کوئٹہ سمیت بلوچستان کے 10اضلاع کی مختلف یونین کونسلوں میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم چلائی جارہی ہے، متعلقہ حکام کو امید ہے کہ صوبہ اس مہم کےبعد پولیو سے پاک ہونےکے ہدف کے مزید قریب ہوجائے گا ۔


بلوچستان میں کوئٹہ، پشین، قلعہ عبداللہ، چاغی، قلعہ سیف اللہ، ژوب،شیرانی، لورالائی ، بارکھان اورڈیرہ بگٹی شامل ہیں،مہم میں کوئٹہ کی بارہ یونین کونسلوں سمیت 137 یونین کونسلوں کو ہائی رسک ہونے کی بنا پر منتخب کیا گیا ہے۔


حکام کا کہنا ہے کہ کل تقریباً پانچ لاکھ ستر ہزار کےقریب ٹارگٹ ہے،اس میں سے دو لاکھ سے اوپر کوئٹہ کا ٹارگٹ ہے۔


متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان اور بلوچستان سے ملحقہ سرحدی علاقوں سے پولیو وائرس صوبے میں منتقل ہونے کا خدشہ ہے جس کی روک تھام کےلیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور یہ مہم اسی سلسلے کی کڑی ہے۔


حکام نے دعویٰ کیا کہ والدین کی جانب سے بچوں کو انسداد پولیو ویکسین پلانے سے انکاراور متعلقہ عملے کی تربیت سے متعلق معاملات حل کرلیے گئے ہیں ۔


حکام کے مطابق مشکلات پر قابوپالیاگیاہے، مانیٹرنگ کا بہت موثر نظام وضع کیا ہے، نہ صرف صوبائی سطح بلکہ اسلام آباد کی سطح پر بھی مانیٹرنگ کی جاتی ہے۔


بلوچستان کے دس مخصوص اضلاع میں جاری اس مہم کے بعد متعلقہ حکام کی جانب سے صوبے میں آئندہ ماہ سے ایک اورانسداد پولیو مہم کی بھی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے،حکام کو یقین ہے کہ ان کوششوں کے بعد صوبہ پولیو سے پاک ہوجائےگا۔

مزید خبریں :