پاکستان
26 جولائی ، 2016

کراچی: صدر میں فوج کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

کراچی: صدر میں فوج کی گاڑی پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

کراچی میں فوجی اہلکار دہشت گردوں کے نشانے پر ، صدر میں دن دہاڑے فوج کی گاڑی پر فائرنگ، دو اہلکار شہید، ٹارگٹ کلرز موٹر سائیکل پر سوار تھے، فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔


کراچی میں سیکورٹی ادارے ایک بار پھر دہشت گردوں کے نشانے پر،ہدف بنا کر قیمتی جانیں لینے والے بزدلوں نے ایک مرتبہ پھر کیا صدر کے علاقے کا انتخاب، پاک فوج کی ڈبل کیبن گاڑی کوریڈور تھری پر رواں دواں تھی، اس میں سوار دو جوانوں کو ذرا بھی اندازہ نہ تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار 2 دہشت گرد اِن کے تعاقب میں ہیں۔


ڈبل کیبن گاڑی جونہی پارکنگ پلازہ سے اُلٹے ہاتھ پر واقع موڑ پر پہنچی، دہشت گرد تیزی سے آگے آئے اور ڈرائیونگ سائیڈ پر آکر گولیاں برسادیں، فائرنگ کے بعد ڈبل کیبن گاڑی بےقابو ہوکر فٹ پاتھ پر چڑھی اور دیوار سے ٹکراکر رُک گئی،اس دوران دونوں دہشت گرد دھوبی گھاٹ کی تنگ گلی میں داخل ہوکر فرار ہوگئے۔


فائرنگ کی زد میں آنے والوں کی شناخت لانس نائیک عبدالرزاق اور سپاہی خادم حسین کے نام سے ہوئی۔ لانس نائیک عبدالرزاق موقع پر ہی شہید ہوگئے جبکہ خادم حسین نے جناح اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑا۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کے اعلی افسران بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوع پر پہنچ گئے۔


سیکورٹی اہلکاروں نے پورے علاقے کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن بھی کیا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے فرار ہونے سے قبل ڈبل کیبن گاڑی پر کم از کم چھ فائر کئے ۔


پولیس نے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کیلئے اطراف کی عمارتوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہے۔ دوسری جانب واقعے کی ذمے داری کالعدم تنظیم جماعت الاحرار نے قبول کرلی ہے۔

مزید خبریں :