پاکستان
30 جولائی ، 2016

جیونیوز کو آخری نمبروں پر ڈالنے کے خلاف پُرامن مظاہرے کیے جائیں گے

جیونیوز کو آخری نمبروں پر ڈالنے کے خلاف پُرامن مظاہرے کیے جائیں گے

 


صحافیوں، تجزیہ کاروں ، وکلا، دانش وروں اور سول سوسائٹی نے کراچی میں جیونیوز کو ایک بار پھر آخری نمبروں پرلے جانےکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیونیوز کیخلاف ہتھکنڈے آئین وجمہوری روایات کے منافی ہیں،آج ملک بھر میں پُرامن مظاہرے کیے جائیں گے۔


ان کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم اور چیف جسٹس آزاد اور خود مختار کمیشن بنائیں ۔


صحافیوں، تجزیہ کاروں ،وکیلوں،دانش وروں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے جیونیوز کو ٹی وی چینلز کی فہرست میں آخری پوزیشن پر لے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔


کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی کا کہنا تھا جیونیوز اس معاملے پر جس فورم پر جائے گا، صحافی تنظیمیں اس کے شانہ بشانہ ہوں گی۔نیشنل پریس کلب کے صدر شکیل انجم نے کہا کہ ایسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے صحافیوں کو متحد ہونا ہوگا۔


لاہور پریس کلب کے صدر شہباز میاں کہتے ہیں کہ وہ ایسے اقدامات کو آزادی اظہار پر حملہ تصور کرتے ہیں۔سابق صدر پی ایف یو جے ، سینئر صحافی پرویز شوکت نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف سازش برداشت نہیں کی جائےگی۔


پی ایف یو جے کے سابق صدر افضل بٹ بولے جیونیوز کے خلاف حالیہ اقدامات میں جو بھی ملوث ہو اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔


پی ایف یوجے دستور کے صدر اور سینئر صحافی ادریس بختیار کاکہناتھا جمہوری ملکوں میں کوئی اس طرح کی کارروائیاں کا سوچا بھی نہیں جاسکتا، اس معاملے کی تحقیقات کرائی جائے۔


معروف قانون دان اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر نے کہا جیونیوز کے ساتھ یہ پہلی بار نہیں ہورہا، ایسے اقدامات کرنے والوں کے خلاف حکومت اور پیمرا کارروائی کرے۔


سینئر صحافی اور تجزیہ کار حامد میر کا کہنا تھا کچھ لوگ سازشوں اور بے بنیاد الزامات کے ذریعے اپنے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں۔سینئر صحافی سہیل وڑائچ کا کہنا تھا کہ جیونیوز اور پاکستانی میڈیا پر پابندیوں سے نقصان ریاست کوہی پہنچے گا۔تجزیہ کار افتخار احمد کا کہنا تھا ایسے اقدامات سے جمہوریت کی کسی طرح مدد نہیں کی جاسکتی۔ سینئر صحافی نجم سیٹھی نے کہا جیو نیوز کے خلاف اقدامات سے ایسا لگتا ہے کہ کوئی سازش تیار کی جارہی ہے۔


معروف تجزیہ کار طلعت حسین کا کہنا تھا مشرف دور کے ہتھکنڈے ایک بار پھر استعمال کیے جارہے ہیں ،کوئی مسئلہ ہے تو متعلقہ فورمز پر لایا جائے ۔تجزیہ کار شاہ زیب خانزادہ نے کہا ہمیں بلیک میل کیا جاتا ہے کہ فلاں کام نہ کیا گیا تو جیوکو بند کردیں گے ۔


مرکزی کنوینئر کونسل آف آل پاکستان پریس کلبز ارشد انصاری بولے کہ یہ اقدامات ادارے اور اس کے ملازمین کو معاشی نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ سینئر تجزیہ کار امتیاز عالم کا کہنا تھا جنگ اور جیونیوز کے ساتھ یہ ناانصافی پہلی بار نہیں ہورہی،، حکومت اس کا نوٹس لے۔


اسلام آباد ہائیکورٹ بار کے صدر طارق محمود جہانگیری نے جیونیوز کے مؤقف کی حمایت کرتےہوئے کہا کہ اس معاملے کی اعلیٰ سطح پرتحقیقات ہونی چاہیے۔ سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین بیرسٹر صلاح الدین نے کہا جیو نیوز کو آخری نمبروں پر لے جانا آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے۔

مزید خبریں :