پاکستان
25 اگست ، 2016

کراچی اور حیدرآباد سے ایم کیوایم قائد کی تصاویر ہٹادی گئیں

کراچی میں جناح گراؤنڈ، مکا چوک ، قائد کی رہائش گاہ اور اطراف سے قائد ایم کیو ایم کی تصاویر ہٹادی گئیں، حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد میں بھی یہی صورتحال ہے اور وہاں سے بھی تمام تصاویر ہٹادی گئیں۔

کراچی اور حیدرآباد کی مختلف عمارتوں اورعلاقوں میں نصب کھمبوں سے بھی تصاویر ہٹائی گئی ہیں۔حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر6،7،8میں نامعلوم افراد نے قائدایم کیو ایم کی تصاویرہٹادیں جبکہ ایم کیوایم کی قیادت نے اس واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیاہے۔

ذرائع کے مطابق لطیف آباد نمبر چھ،سات ،آٹھ ،نو اورگیارہ کے مختلف علاقوں میں عمارتوں ، کھمبوں اورچوراہوں پر لگائی گئیں۔ ایم کیوایم کے قائد کی تصاویرآج صبح نامعلوم افرادنے ہٹادیں،جب اس ساری صورتحال پر ایم کیوایم کے ترجمان سے رابطہ کیاگیا توانہوں نے اس واقعے پر لاعلمی کا اظہار کیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ تصاویر ہٹانے سے متعلق اب تک کسی کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری زمینوں پر متحدہ کے سیکٹر اور یونٹ آفسز ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔سرکاری زمینوں پر قائم تمام دفاتر ختم کردئیے جائیں گے، متحدہ قومی موومنٹ کے زیادہ تر دفاتر پارکس اور کھیل کے میدانوں میں ہیں ۔

سرکاری اداروں میں موجود متحدہ لیبر ڈویژن کے دفاتر بھی ختم کردئیے جائیں گے ۔ متحدہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ دفاتر پراپرٹی خرید کر یا کرائے پر لےکر قائم کئے جائیں ۔

 

مزید خبریں :