دلچسپ و عجیب
26 اگست ، 2016

موبائل سروس، ڈبل سواری، اسکول و کالج کے بعد بینک بھی بند

 

 

راولپنڈی میں بینک ڈکیتیوں میں اضافے کے بعد پولیس نے شہر کےاکثر بینک بند کرادیے، سی پی او نے سیکورٹی انتظامات مکمل ہونے تک بینک بند رکھنے کے احکامات دے دیے۔

سی پی او راولپنڈی اسرار عباسی کہتےہیں کہ بینک تبھی کھلیں گے جب سیکورٹی انتظامات مکمل ہوں گے، بینکوں کی اپنی سیکورٹی ناقص ہے، بینک سیکورٹی انتظامات مکمل کریں ۔

تین روز قبل راولپنڈی کےعلاقے پشاور روڈ چوہڑ چوک پر نجی بینک میں 2 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی ہوئی، آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے برہمی کااظہار کیا اور آر پی او کوتحقیقات کاحکم دے دیا جس کی انکوائری چل رہی ہے ۔

سی پی او نے شہر کے اکثر بینک ناقص سیکورٹی کے باعث بند کرادیے ، جمعے کوبینک بند ہونے کےباعث شہریوں کومشکلات کاسامنا رہا ۔

ہفتے اوراتوار کوبینک کی چھٹی ہونے کےباعث عملاً شہر کےاکثر بینک تین دن بند رہیں گے، زیادہ مشکلات ان افراد کیلئےہیں جن کے کاروبار بینکوں سے منسلک ہیں۔

ہمارے ملک میں ہر مسئلے کے لیے ایک ہی حل بار بار آزمایا جارہا ہے اور وہ ہے بند کردو، تعلیمی اداروں، موبائل فون سروس اور ڈبل سواری کے بعد بینکوں کو بھی بند کرکے ڈکیتیوں سے بچانے کا حل ڈھونڈا گیا ہے۔

ہر مسئلے کا ایک ہی حل اور وہ ہے بند کردو ،عید، بقرعید، محرم اور قومی ایام پر دہشت گردی سے بچاؤ کا حل موبائل فون سروس بند کردینا، ٹارگٹ کلنگ کی روک تھام کے لیے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری بند کرنا، تعلیمی اداروں پر حملوں کا خطرہ ہو تو اسکول بند، کالج بند اور یونیورسٹیاں بھی بند ۔

اب بینک ڈکیتیوں سے بچنے کا بھی یہی حل ڈھونڈا گیا ہے، یعنی بینک بھی بند ، یہ نادر شاہی فرمان راولپنڈی میں بینک ڈکیتی کے تین دن بعد پولیس کی جانب سے جاری کیا گیا ۔

جس کے مطابق بینک اب سیکیورٹی انتظامات ٹھیک ہونے کے بعد کھولے جائیں گے ، ورکنگ ویک کے آخری دن بینک بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید تکلیف اٹھانا پڑی ہے۔

مزید خبریں :