پاکستان
26 اگست ، 2016

بانی ایم کیو ایم کیخلاف برطانیہ کو شواہد دیکر کارروائی کا مطالبہ کیا جائیگا

بانی ایم کیو ایم کیخلاف برطانیہ کو شواہد دیکر کارروائی کا مطالبہ کیا جائیگا

وفاقی حکومت نے بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر پر برطانیہ کو شواہد فراہم کرکے قانونی کارروائی کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سند ھ حکومت نے بھی تمام دستاویزات اور ثبوت وزارت داخلہ کو فراہم کردیے۔

بانی ایم کیو ایم کی 23اگست کی اشتعال انگیز تقریر کیا تھی؟ تشدد پر اکسانے کے لیے کیا ہدایات دی گئیں؟ مشتعل کارکنوں نےکس طرح میڈیا ہاؤسز پر حملہ کیا؟ کون کون زخمی ہوا، جاں بحق ہونے والا شخص کون تھا؟ یہ سب کچھ اور بہت کچھ، سندھ حکومت نے دستاویزی و تصویری ثبوت وزارت داخلہ کو فراہم کردیے۔

وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ اب اس بارے میں برطانیہ کو ثبوت اور شواہد فراہم کرکے بانی ایم کیو ایم کے خلاف باقاعدہ کارروائی کا مطالبہ کیا جائے گا، ان کی حوالگی کا نہیں۔

وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ ان کے پاس پاکستانی پاسپورٹ نہیں اور وہ برطانوی شہری ہیں، دوسری رکاوٹ یہ ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ملزمان کے تبادلے کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر برطانیہ میں قانونی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار برطانوی حکام سے قریبی رابطہ بھی رکھے ہوئے ہیں، اسکاٹ لینڈ یارڈ بھی بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر کے شواہد اکٹھے کررہی ہے۔

 

مزید خبریں :