پاکستان
26 اگست ، 2016

سینیٹ کی استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں لاجز کے مسائل پر غور

سینیٹ کی استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں لاجز کے مسائل پر غور

 

سینیٹ کی استحقاق کمیٹی کے اجلاس میں لاجز کے مسائل پر غور کیا گیا، پارلیمنٹ لاجز میں چوہے ریس لگاتے ہیں، لاجز کی مسجد میں واش رومز کے گٹر ابلتے ہیں۔

سینیٹر جہانزیب جمال دینی نے کہا ہے کہ لاجز میں چوریاں جاری ہیں اور غیر متعلق افراد کے خاندان کے خاندان ہیں جو یہاں رہ رہے ہیں۔

ریڈ زون میں واقع پارلیمنٹ لاجز کے مسائل کی داستان ہے ختم ہونے میں ہی نہیں آرہی،سینیٹ استحقاق کمیٹی کےاجلاس میں مسائل بتاتے ہوئے سینیٹر جہانزیب جمال دینی پھٹ پڑے، کہا کہ پارلیمنٹ لاجز میں راتوں کو چوہے دوڑ لگاتے ہیں،چوہے لاجز مکینوں کے کندھوں پر گھومتے ہیں،کبھی پارلیمنٹ لاجز ڈائیریکٹر ہمارے اپارٹمنٹ میں ایک رات گزار کر دیکھیں،

سینیٹر مولانا عطا الرحمان نے لقمہ دیا کہ اگر ڈائریکٹر صاحب نے لاجز کی یہ حالت دیکھی تو گھر جا کر بھی نیند نہیں آئے گی اور ہم لوگ تو ایسی لاج میں سارا دن گزارتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں جب لاجز کے چوہے موضوع گفتگو بنے، چوہوں کے ارکان پارلیمنٹ کو کاٹنے کے بھی واقعات سامنے آچکے ہیں۔

اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی کی تحریک استحقاق کمیٹی اجلاس میں زیر غور آئی، اعظم سواتی نے کہا کہ دوران اعتکاف لاجز کی مسجد کے واش روم ٹھیک کرانے کی درخواست بھجوائی لیکن لاجز ڈائیریکٹر نے سنی ان سنی کر دی۔

جہانزیب جمال دینی نے کہا کہ ہمارے لاجزکا بھی یہی حال ہے، واش روم میں واٹر ٹنکیاں خراب ہوتی ہیں، اے سی سے سارا دن پانی ٹپکتا ہے، جس نے کتابیں تباہ کر دیں۔

سینیٹر جمال دینی نے کہا کہ لاجز میں چوریاں جاری ہیں ،یہاں غیر متعلقہ خاندان کے خاندان آباد ہیں، ہمیں پارلیمنٹرینز کے تحفظ کے حوالے سے پریشانی ہے، کشمالہ طارق، طلال چوہدری سمیت متعدد ارکان پارلیمنٹ کے لاجز کا چور صفایا بھی کر چکے ہیں۔

کمیٹی نے لاجز ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ 5 دن میں مسجد کی مرمت کی جائے، مزید کہا کہ ارکان پارلیمنٹ لاجز میں پیش آنے والے مسائل کی فہرست بنا کر دیں تاکہ جلد اس کی مرمت کے لیے بھی اقدامات کریں۔

مزید خبریں :