پاکستان
27 اگست ، 2016

لاہور:ڈیڑھ گھنٹے میں 111ملی میٹر بارش،کئی علاقوں سے بجلی غائب

لاہور میں تیز بارش نے جل تھل ایک کر دیا،صرف ڈیڑھ گھنٹےمیں 111ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،نشیبی علاقوںمیں پانی جمع ہوگیا،لیسکو کے 70سےزائد فیڈر ٹرپ کر جانے سے کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔گرین ٹاؤن میں آئل اسٹور کی چھت گرنے سے2افراد زخمی ہو گئے۔

صبح ساڑھے 7بجےلاہور اورگردونواح میں گہری سیاہ گھٹائیں چھاگئیں اورموسلادھار بارش شروع ہوگئی،ڈیڑھ گھنٹے تک کھل کر مینہ برسا،جس نےشہر میں پانی ہی پانی کر دیا۔

لکشمی چوک،ڈیوس روڈ،کشمیرروڈ ،مال روڈ ،سپریم کورٹ رجسٹری ،فیروزپور روڈ ، کینال روڈ ہربنس پورہ،چائنا اسکیم،سمن آباد،گڑھی شاہواوردو موریہ پل سمیت دیگرنشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

بارش کےباعث سڑکوں پر ٹریفک سست روی کا شکار ، کئی موٹرسائیکل سواروں کی موٹرسائیکلیں پانی میں بند ہوگئیں،آنےجانےوالوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑاجبکہ لیسکو کے 70سےزائد فیڈر ٹرپ گئے، جن سے متعدد علاقوں کی بجلی غائب ہوگئی اور مکینوں کا دشواری کا سامنا ہے۔

شدید بارش سے گرین ٹاؤن میں آئل اسٹور کی چھت گرنے سے2افراد زخمی بھی ہوئے،جنہیں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

محکمہ موسمیات نےاگلے48گھنٹوں کےدوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

مزید خبریں :