پاکستان
27 اگست ، 2016

وفاقی اور سندھ حکومت کی ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کی مخالفت

وفاقی اور سندھ حکومت کی ایم کیو ایم پر پابندی لگانے کی مخالفت

 

وفاقی حکومت اور سندھ حکومت نے متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی لگانے کی مخالفت کر دی۔

تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے بھی کہا ہے کہ سیاسی جماعت پر پابندی کا ماضی میں کوئی فائدہ نہیں ہوا،سینیٹر پرویز رشید، مرتضیٰ وہاب اور عارف علوی نے یہ باتیں جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں کہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کا تجربہ ماضی میں کامیاب نہیں رہا، ہم نے ماضی میں جماعتوں پر پابندیا ں لگانے کے تجربے کیے ہیں،ان تجربوں کے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے،دوبارہ وہی غلطی دہرانے کی ضرورت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے فاروق ستار سے رابطہ کیا وہ کافی پریشان تھے، انہوں نے مجھے بتایا کہ میں شام کو پریس کانفرنس میں اعلان لاتعلقی کروں گا، تسلیم کرنا چاہیے کہ فاروق ستار نے درست فیصلہ کر کے درست سمت میں قدم بڑھایا، فاروق ستار جرائم پیشہ افراد کیخلاف صوبائی حکومت کی کارروائی میں ساتھ دیں،جرائم میں ملوث،قانون کے خلاف کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی کا ماضی میں فائدہ نہیں ہوا، صرف پابندی لگانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا،اردو بولنے والوں کو ایم کیو ایم سے الگ سمجھنا ہوگا۔

سندھ حکومت کے مشیر قانون مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک سیاسی حقیقت ہے،اسے بین کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا، ہمیں اپنے مقصد پر توجہ دینی چاہیے، پاکستان کی سالمیت پر آنچ آنے نہیں دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی پارک پر کنسٹرکشن کی گئی ہےتو ریاست کارروائی کا اختیار رکھتی ہے،وزیراعلیٰ سندھ نےتجاوزات کے خلاف آپریشن کی اجازت دی ہے۔

مزید خبریں :