کھیل
30 اگست ، 2016

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ : تیسرا ون ڈے آج ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا

پاکستان بمقابلہ انگلینڈ : تیسرا ون ڈے آج ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا تیسرا ون ڈے آج ناٹنگھم میں کھیلا جائےگا۔انگلینڈ کو سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے۔

اظہر الیون تیسرے میچ میں کم بیک کیلئے پر عزم ہے ۔ تیسرا ون ڈے قومی ٹیم کیلئے فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا۔ جیتیں گے تو سیریز میں واپسی کی امید ہے ناکامی کی صورت میں سیریز اور ٹرافی ہاتھ سے چلی جائے گی۔

گرین شرٹس کے سر پر رینکنگ کی تلوار بھی لٹک رہی ہے ۔ نویں نمبر پر موجود قومی ٹیم کو ورلڈ کپ کوالیفائر سے بچنے کیلئے رینکنگ بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ پہلے دو میچوں میں فلاپ ہونے والی قومی ٹیم تیسرے میچ میں نئی پلاننگ کیساتھ ان ایکشن ہو گی۔

پاکستان کی ٹاپ آرڈر بیٹنگ ہمیشہ کی طرح مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ اوپننگ کرنے والے کپتان اظہر کی فارم کے سبب ان کی ٹیم میں جگہ پر ہی سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ دوسرے ون ڈے میں پاکستان کے مرد بحران اور مشکل میں ساتھ دینے والے سرفراز احمد سنچری اور نوجوان آل رائونڈر عماد وسیم نصف سنچری اسکور نہ کرتے تو گرین شرٹس کی میچ میں پوزیشن قابل رحم ہوسکتی تھی۔

 توقع کی جارہی ہے کہ اس بار بیٹسمین پوری تندہی سے کریز پر قدم جماتے ہوئے بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔ دوسری جانب ٹیم مورگن نے شاہینوں کے پر کاٹنے کی حکمت عملی بھی بنالی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم منیجمنٹ اہم ون ڈے میں پھر کوئی تجربہ کرتی ہے یا لارڈز والے ٹیم کمبی نیشن پر بھروسہ کیا جائیگا۔

فاسٹ بولر محمد عرفان کو انجرڈ محمد حفیظ کی جگہ طلب کرلیا گیا ہے تاہم کپتان اظہرعلی نے بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ قومی ٹیم کے اسکواڈ میں کپتان اظہرعلی، سرفراز احمد، شرجیل خان، شعیب ملک، بابر اعظم، حسن علی، عماد وسیم، محمد عامر، محمد نواز، محمد رضوان، وہاب ریاض اور یاسر شاہ شامل ہیں۔

انگلش اسکواڈ کپتان اوئن مورگن، معین علی، جانی بیریسٹو، جیک بال، جوز بٹلر، لیان ڈاؤسن، الیکس ہیلز، کرس جورڈن، ڈیوڈ ویلی، بین اسٹوکس، عادل رشید، لیام پلنکٹ، جیسن روئے، جوئے روٹ، کرس ووکس اور مارک ووڈ شامل ہیں۔

بیٹسمنوں کی ناکامی کا حل ٹیم مینجمنٹ نے بولر کو شامل کرکے نکالا۔ فیصلے سے کرکٹ ماہرین بھی حیران ہوگئے ہیں ۔لمبے قد والے فاسٹ بولر محمد عرفان ٹیم میں بیٹسمین کی جگہ کھیلیں گے ، اس گرائونڈ پر پاکستان اور انگلینڈ چھ مرتبہ آمنے سامنے ہوئے ہیں جس میں مقابلہ تین، تین سے برابر ہے، وکٹ پر بولرز کو مدد ملنے کا امکان ہے ۔

یہ گرائونڈ انگلینڈ میں سوئنگ بولنگ کے لئے مشہور ہے۔ پاکستانی ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا ہے کہ سیریز میں واپسی کی بھر پور کوشش کریں گے، کسی قسم کی دفاعی حکمت عملی نہیں ہوگی، بیٹسمینوں کو زیادہ مہارت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چھ بجے شروع ہوگا۔

 

مزید خبریں :