پاکستان
30 اگست ، 2016

کراچی میئر ، ڈپٹی میئر کی تقریب حلف برداری کھٹائی میں پڑ گئی

کراچی میئر ، ڈپٹی میئر کی تقریب حلف برداری کھٹائی میں پڑ گئی

 

آج کراچی میں ہونے والی میئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی حلف برداری کی تقریب کھٹائی میں پڑتی نظر آرہی ہے ۔ ایک طرف الیکشن کمیشن نےاب تک بلدیاتی نمائندوں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا تو دوسری طرف سیشن ججز کو حلف لینے کیلئے سندھ ہائی کورٹ کی کلیئرنس نہیں مل سکی ہے۔

کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا عمل میئر اور ڈپٹی میئر کی حلف برداری کی تقریب کے بعد مکمل ہوجائے گا لیکن یہ تقریب کئی مسائل کی وجہ سے کھٹائی میں پڑتی دکھائی دیتی ہے ۔

شیڈول کے مطابق میئر وسیم اختر اور ڈپٹی میئر ارشد وہرا کی تقریب حلف برداری آج صبح 11بجے پولوگراونڈ میں ہونا ہے۔

چھ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین ، وائس چیئرمین اور ڈسٹرکٹ کونسل کے چیئرمین ،وائس چیئرمین بھی آج اپنے اپنے اضلاع میں حلف اٹھائیں ۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج میئر ، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین سے حلف لیں گے ۔

لیکن حلف برداری کی تقریب اس وقت تک ممکن نہیں جب تک الیکشن کمیشن کی طرف سےمیئر ، ڈپٹی میئر ، چیئرمین اور وائس چیئرمین کی کامیابیوں کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کردیاجاتا۔

ذرائع الیکشن کمیشن بتاتے ہیں کہ بلدیاتی نمائندوں کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن بھی صبح دس بجے تک جاری کردیاجائےگا۔ الیکشن کمشنر سندھ تنویر ذکی کہتے ہیں کہ نوٹیفکیشن صبح جاری ہوا تو تقریب حلف برداری دوپہر میں ہی ممکن ہے۔

نوٹیفیکشن کے علاوہ ایک معاملہ یہ بھی ہےکہ الیکشن کمیشن نے سیشن ججز کو پریزائڈنگ افسر مقرر کرنے کے لیے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے اجازت نہیں لی اس لیے تمام سیشن ججز کو حلف لینے سے روک دیا گیا ہے جس کے بعد ڈسٹرکٹس کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کی حلف برداری بھی ممکن نہیں ہے ۔

اب دیکھئیے یہ حلف برداری کی تقریب آج منعقد کی جاتی ہے یا پھر یہ معاملہ تعطل کا شکا ر ہوتا ہے ۔

مزید خبریں :