پاکستان
31 اگست ، 2016

بڑی مچھلیوں پر ہاتھ نہ ڈالنے پر سپریم کورٹ نیب پر برہم

جواد شعیب .....سپریم کورٹ نے نیب کے اختیارات سے متعلق کیس میں ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹر جنرل نیب سندھ کو2 ستمبر کو انکوائریز کی تفصیلات سمیت طلب کرلیا۔

عدالت نے بڑی مچھلیوں پر ہاتھ نہ ڈالنے پر اظہار برہمی کردیا ،جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہا کہ نیب نے تماشہ بنایا ہوا ہے دو دو لاکھ روپے کی کرپشن کی انکوائری کررہا ہے۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس امیرہانی مسلم نے ریمارکس دئیے کہ ڈی جی نیب سندھ نے سارا نظام درہم برہم کررکھا ہے، نیب کو بھی اینٹی کرپشن بنایا ہے۔

پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ پرانی انکوائری کو نیب آگے بڑھا سکتا ہے، بعض انکوائریز دیگر محکموں سے منتقل ہوتی ہیں۔

عدالت نے ڈی جی نیب اور پراسیکیواٹرجنرل نیب سندھ کو2 ستمبر کو انکوائریز کی تفصیلات سمیت طلب کرلیااور حکم دیا کہ نیب سندھ کی 10 لاکھ روپے تک ہونے والی انکوائریز کی تفصیلات پیش کی جائیں ۔

عدالت نے زمین کی الاٹمنٹ سے متعلق کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے ملزم حنیف حیدر کا ریمانڈ نہ دینے کےخلاف نیب کی درخواست کی سماعت ملتوی کردی۔

 

مزید خبریں :