انٹرٹینمنٹ
21 ستمبر ، 2016

میڈم نورجہاں،مداح آواز کا ترنم آج تک نہ بھولے

برصغیر پاک وہند کی نامور گلوکارہ ملکہ ترنم نور جہاں کی90 ویں سالگرہ آج منائی جا رہی ہے،مداح آج بھی ان کی آواز کا ترنم نہ بھولے ۔

میلوڈی کوئین کے نام سے پہچانی جانے والی میڈم نور جہاں 21ستمبر 1926کو قصور کے موسیقار گھرانے میں پیدا ہوئیں اوراپنے فلمی کیرئیر کا آغاز نو سال کی عمر سے کیا اور جلد ہی ایک جانی پہچانی چائلڈ اسٹار بن گئیں۔

ان کا اصل نام اللہ وسائی تھا جبکہ نور جہاں ان کا فلمی نام تھا۔ ملکہ ترنم نور جہاں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران ہزاروں گیت گائے اور 1965ء کی پاک بھارت جنگ کے دوران قومی نغمے بھی گائے جو ہماری قومی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔

چھ دہائیوں پر محیط فنی سفرمیں انہوں نے 26 بھارتی اور پاکستانی فلموں میں مرکزی کردار ادا کئے اور مجموعی طورپرایک ہزارسے زائد فلموں کے لیے غزلیں اورگیت گائے۔

ان کا سب سے پہلا گانا ’مجھ سے پہلی سی محبت میرے محبوب نہ مانگ‘ بے پناہ ہٹ ہوا جس نے ملکہ ترنم کو کامیابیوں کے نئے سفر پر گامزن کر دیا۔

حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور نشان امتیاز بھی عطا کیا ۔

ملکہ ترنم نور جہاں 23دسمبر 2000ء کوعلالت کے بعد انتقال کر گئیں لیکن ان کے گیتوں کی آواز آج بھی مداحوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

 

مزید خبریں :