انٹرٹینمنٹ
22 ستمبر ، 2016

پاکستان فلم ’ماہ میر‘ آسکر ایوارڈ کے لئے شارٹ لسٹ

فاکہہ حیدر... فہد مصطفیٰ اور ایمان علی کی اداکاری سے سجی فلم ’ماہ میر ‘ کو آسکرایوارڈ کے حصول کی دوڑ میں شامل کرنے کے لئے شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے اسے آسکر ایوارڈز کے 89ویں میلےکی’غیر ملکی زبان کی بہترین فلم ‘کی کیٹیگری کے لئے بھیجا جارہا ہے۔

اگرچہ فلم نے لوکل باکس آفس پر کوئی کمال نہیں کیا تھا تاہم اسے ناقدین کی جانب سے پذیرائی ملی تھی ۔

سلیکشن ارکان کی خفیہ رائے شماری کے ذریعےعمل میں آیا۔

پاکستان کی جانب سے پہلی بار اس کیٹیگری کیلئے2013 میں فلم’زندہ بھاگ‘ کو نامزد کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سن 2014 میں ’دختر‘ اور 2015 میں فلم ’ مور‘ کو آسکر کی نامزدگی ملی۔

’ماہِ میر‘ اردو ادب کے معروف شاعر میر تقی میر کی زندگی اور شاعری سے متاثر ہو کر بنائی گئی تھی۔ فلم کے مرکزی کرداروں میں فہد مصطفیٰ اور ایمان علی جبکہ دیگر اداکاروں میں صنم سعید، علی خان اور منظر صہبائی شامل ہیں۔

فلم رواں سال مئی میں ریلیز ہوئی تھی ۔ فلمکے ڈائریکٹر انجم شہزاد اور سرمد صہبائی ہیں۔

فلم، میر تقی میر کی اردو زبان سے والہانہ محبت اور اسے شاعری کے ذریعے زبان زد عام کرنے کی جدوجہد پر مبنی ہے ۔

فلم میں میر تقی میر کے عشق کی گہرائی کی بھی عکاسی کی گئی ہے۔

 

 

 

 

مزید خبریں :