پاکستان
22 ستمبر ، 2016

ہر واقعے کا الزام پاکستان پر لگانا بھارت کی عادت بن چکا ہے،دفتر خارجہ

 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ہر واقعے کا الزام پاکستان پر لگانا بھارت کی عادت بن چکا ہے،بھارتی میڈیا کی طرف سے نیپالی وزیر اعظم کی اڑی حملے سے منسوب خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں ، نیپالی وزیر اعظم نے پاکستان کو دوست اور اہم ملک قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے کہا کہ نیپالی وزیر اعظم کے ترجمان نے بھارتی میڈیا کی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جس میں اڑی حملے میں بھارت کا ساتھ دیتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا گیا تھا۔

نیپالی وزیر اعظم کے بیان کو توڑ مروڑ کر پاکستان کے خلاف پیش کیا گیا، نیپالی وزیر اعظم کا بیان پاکستان کے خلاف نہیں تھا بلکہ انہوں نے اپنے ملک کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئےغیر ضروری واویلا کر رہا ہے، پاکستان ایک امن دوست ملک ہے، پاکستان کی مسلح افواج اورعوام ملک کی سالمیت کے دفاع کو تیار ہیں، پاکستان ایئرفورس کی مشقیں معمول کی ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ براہمداغ بگٹی کی بھارت میں پناہ کی درخواست بلوچستان میں بھارتی مداخلت اور دہشت گردی کی پشت پناہی کی عکاس ہے۔

ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیویارک حملوں میں گرفتار افغان شہری 1985 سے امریکہ میں مقیم ہے۔

 

مزید خبریں :