کھیل
25 ستمبر ، 2016

ویسٹ انڈیز کو دوسرے میچ میں شکست، پاکستان سیریز میں فتحیاب

 

 

 

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی کپتان سرفراز احمد ،شعیب ملک اور خالد لطیف کی عمدہ بیٹنگ کے بعد پاکستان کے بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت پاکستان نے عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز کودوسرے میچ میں بھی شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی،سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ27ستمبر کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

دوسرے میچ کا ٹاس ویسٹ انڈیز کے کپتان کارلوس براتھ ویٹ نے جیتا اور پاکستان کوبیٹنگ کی دعوت دی،دبئی میںکھیلے جانے والےمیچ میں پاکستان نے مقررہ20اوورز میں4وکٹ کے نقصان پر160رنز بنا ئے جس میں کپتان سرفراز احمد46 ،شعیب ملک37 اور خالد لطیف کے40رنز شامل تھے یوں ویسٹ انڈیز کی161رنز کا ہدف دیا۔

ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ20اوورز میں9وکٹ پر144رنز تک محدود رہی اور16رنز سے شکست کھاگئی۔ویسٹ انڈین بیٹسمینوںکی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں،پہلی وکٹ12،دوسری15،تیسری19اور چوتھی وکٹ45 جبکہ82رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔آندرے فلیچر29، سنیل نارائن30بنا ئے جبکہ دیگر بیٹسمینوں میں براوو18اور پولارڈ18رنز بنا کر قابل ذکر رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی اور سہیل تنویر نے تین،تین جبکہ وہاب ریاض، عماد وسیم اورمحمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپئن ویسٹ انڈیز پاکستان کےخلاف سیریز میں ریت کی دیوار ثابت ہو ئی اورتین میچز کی سیریز میں دو مسلسل ہار کر سیریز بھی گنوادی۔

سرفراز احمد کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

مزید خبریں :