دنیا
25 ستمبر ، 2016

نہتے کشمیریوں پرمظالم ، ہیوسٹن میں انڈین قونصلیٹ پر مظاہرہ

نہتے کشمیریوں پرمظالم ، ہیوسٹن میں انڈین قونصلیٹ پر مظاہرہ

 

راجہ زاہد اختر خانزادہ....ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں نہتے عوام پر بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف ہیوسٹن میں واقع انڈین قونصلیٹ کے باہر فرینڈز آف کشمیر نامی تنظیم کے تحت مظاہرہ کیا گیا ۔اس موقع پر شرکاء نے ہندوستان کے کشمیر پر تسلط اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے مختلف شہروں میں مقیم کشمیریوں کی بڑی تعداد اس احتجاج میں شرکت کیلئے خصوصی طور پر انڈین قونصلیٹ واقع ہیوسٹن آئی۔اس موقع پر فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن اور مظاہرے کی آرگنائزر غزالہ حبیب کا کہنا تھا کہ 28جولائی کے بعد جموں کشمیر میں کربلا کا سماں ہے اور اس احتجاج کے ذریعہ ہم اقوام عالم کی توجہ کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و بربریت کی طرف مبذول کراناچاہتے ہیں۔

اس موقع پر کچھ بھاری باشندوں نے ان مظاہرین کے متوازی جوابی مظاہرہ کیا اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی اس طرح اس دوران دونوں جانب سے زبانی جنگ شروع ہو گئی جبکہ پولیس غیر معمولی صورتحادل سے نمٹنے کیلئے وہاں موجود تھی جنہوں نے حفاظتی حصار کے ذریعہ مظاہرین کو ایک جانب روک دیا۔

فرینڈز آف کشمیر کے تحت ہونے والے مظاہرے سے سمیہ، ڈاکٹر رخشندہ،حائقہ،عشرت حسین،رفاقت حسین،سردار ناصر خان،زبیر حبیب اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں اپنا کردار ادار کرے۔

مقررین نے پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کے حق خودارادی اور بھارت کی طرف سے کیے جانے والے ظلم و تشدد کو اقوام عالم میں دنیا کے سامنے اجاگر کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کیخلاف آواز بلند کرتے رہیں گے ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر میں اس وقت کشمیریوں کی پانچویں نسل نے قربانیاں دے کر تحریک آزادی کو زندہ رکھا ہے۔ گزشتہ ڈھائی ماہ میں 100سے زائد کشمیریوں کی ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور 2ہزار افراد سے زائد کشمیری زخمی ہو چکے ہیں اس لیے عالمی برادری اس بات کا نوٹس لے اور نہتے عوام پر بھارتی فورسز کے مظالم کو بند کرانے اور کشمیریوں کو انکا حق خودارادی دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

اس موقع پر مظاہرین فری فری کشمیر، ہیومینٹی ٹوشیم ، انڈیا ٹوبلیم،نوجسٹسں،نوہپس،اسٹاپ دی اسٹیٹ،ٹیرریزم سمیت دیگر نعرے لگا رہے تھے جبکہ ہاتھوں میں کشمیری شہداء کی تصاویر اور مظالم کے خلاف کتبے اٹھائے ہوئے تھے۔

مزید خبریں :