پاکستان
25 ستمبر ، 2016

اپوزیشن ہو یا حکمران، سب نے دیا مودی کو کرارا جواب

اپوزیشن ہو یا حکمران، سب نے دیا مودی کو کرارا جواب

 

اپوزیشن ہو یا حکمران ، سب نے دیا مودی کو کرارا جواب، بلاول بھٹو نے کہا گجرات کا قصائی اب کشمیر قصاب بن چکا ہے ، مودی ہمیں دہشت گردی پر لیکچر نہ دے، پرویز الہٰی کہتے ہیں مودی بڑھکیں مارنا بند کرو، جنگ ہوگئی تو لگ پتا جائے گا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک روز پہلے اپنی تقریر میں پینترے بدل بدل کر پاکستان کو نشانہ بنایا،کبھی دنیا میں تنہا کرنے کی دھمکیاں دیں، تو کبھی جنگ کی گیدڑ بھبکیاں،کبھی غربت کے خلاف وہ جنگ لڑنے کا چیلنج دیا جو وہ خود بھارت میں ہار چکے ہیں۔

لیکن مودی سرکار کے جنگی جنون کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے،پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ گجرات کا قصاب اب کشمیر کا قصاب بن چکا ہے،قصاب ہمیں دہشت گردی پر لیکچر نہ دے،پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے مودی کو شٹ اپ کال دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کا تو سوچنا بھی نہیں،اگر ہوئی تو لگ پتہ جائے گا۔

عمران خان نے بھی دلی سرکار کے مکھیا کو بتادیا کہ بھارت ایڈونچر کا نہ سوچے،پاکستانی ایک ہیں،اکھٹے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے نریندر مودی کے روِیے کو غیر ذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی وجہ سے بھارت دنیا میں تنہا ہوگیا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم ناکامیاں چھپانے کے لئے دھمکیاں دے رہےہیں۔ وزیراطلاعات پرویز رشید نے مودی سرکار سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سری نگر میں بے چینی ہو تو دلی آرام کی نیند نہیں سوسکتا۔

دوسری جانب تجزیہ کاروں کا بھی کہنا ہے کہ بہتری اسی میں ہے کہ مودی صاحب خالی خولی باتیں کرکے وقت ضائع نہ کریں، کشمیریوں کو ان کا حق دیںتاکہ خود بھی سکون سے رہیں اور خطے کو بھی رہنے دیں۔

مزید خبریں :