پاکستان
28 ستمبر ، 2016

بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث سارک سربراہ کانفرنس ملتوی

زرغون شاہ...بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث سارک سربراہ کانفرنس ملتوی ہوگئی ،انیسویں سارک سربراہ کانفرنس نومبر میں اسلام آباد میں ہونی تھی، بھارت نے شرکت سے انکار کردیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بھارت کی وجہ سے سارک سربراہ کانفرنس ملتوی کرنی پڑی، کوئی ایک رکن بھی شرکت سے انکار کردے کانفرنس ملتوی کرنا مجبوری ہے۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ بھارت پہلے بھی سارک کانفرنس ملتوی کراچکا ہے، کانفرنس جب بھی ہوئی اسلام آباد میں ہی ہوگی ۔

بھارت اپنی روایتی ہٹ دھرمی اور پاکستان دشمنی پر قائم ہے،بھارت نے سارک چیئر نیپال کو بتا دیا کہ اسلام آباد میں انیسویں سارک سربراہ کانفرنس میں شرکت نہیں کر سکتے، بہانہ بنایا کہ پاکستان سے در اندازی کے روایتی الزام کو جبکہ حقیقت کچھ اورہے، تکلیف در اصل اقوام متحدہ میں مظلوم کشمیریوں کیلئے پاکستان کی صدائے حق ہے۔

بھارتی اور بنگلا دیشی میڈیا نے ساتھ یہ بھی واویلا کیا کہ بنگلا دیش نے بھی سارک سربراہ اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی ہے۔

اسی تو تو میں میں، واویلے، شورو غل کے درمیان نیپال نے سارک سربراہ کانفرنس کا انعقاد ملتوی کر دیا۔

پاکستان میں سرکاری ذرائع نے سارک اجلاس کے التوا کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نو اور دس نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والا انیسواں سارک سربراہ اجلاس ملتوی تو کر دیا گیا مگر یہ اجلاس اب جب بھی ہو گا تو پاکستان میں ہی ہوگا۔

سارک قواعد کے مطابق، تنظیم کے 8رکن ممالک میں سے ایک بھی غیر حاضر ہو تو سربراہ اجلاس منعقد نہیں کیا جا سکتا، سربراہ کانفرنس میں چین، ایران، جاپان، کوریا، موریشس، میانمار، امریکا اور یورپی یونین نے مبصرین کے حیثیت سے شرکت کرنی تھی۔

مزید خبریں :