پاکستان
28 ستمبر ، 2016

دوسرے،تیسرے نمبر کی پارٹیوں کا مقابلہ شروع ہو گیا: پرویز رشید

دوسرے،تیسرے نمبر کی پارٹیوں کا مقابلہ شروع ہو گیا: پرویز رشید

وقار ستی...وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والی جماعتوں کا احتجاجی مقابلہ شروع ہو گیا ہے،ہم رکاوٹ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے پارلیمنٹ ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 2018ءکے انتخابات تک لے کر جائیں گے ، سب جان لیں ، اس بار ستمبر کو ستم گر نہیں بننے دیں گے ۔

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے مزید کہا کہ حکومت کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کو پانچ ہزار فی ایکڑ شفاف طریقے سے ادائیگیاں کر رہی ہے ،خورشید شاہ جواب دیں سندھ کے کاشتکاروں کو ادائیگیاں کیوں نہیں ہو رہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ دوسرے اور تیسرے نمبر پر آنے والوں کے درمیان مقابلہ شروع ہو گیا ہے، تیسرے نمبر والوں نے احتجاج کسانوں سے منسوب کیا ہے، سندھ کے کسانوں کے لیے کون سی دودھ کی نہریں بنائی گئی ہیں۔

پرویز رشیدنے کہا کہ 2013ءمیں کھاد کی قیمت آسمانوں کو چھو رہی تھیں، ٹیوب ویل کے لیے بجلی مہنگی تھی لیکن موجودہ حکومت نے کسانوں کو کھاد پر سبسڈی دی ، بجلی اورڈیزل سستاکیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کسانوں کے لیے سو ارب روپے کا پیکیج دیا ہے، گرین ٹریکٹر اسکیم کے تحت پچیس ہزار ٹریکٹر رعایتی قیمت پر مل رہے ہیں۔

پرویز رشید نے کہا کہ اپوزیشن ستمبر کو ستم گر کیوں بنانا چاہتی ہے ؟ ستمبر میں بھی اپوزیشن کو فری ہینڈ دیا، اکتوبر، نومبر اور دسمبر میں بھی دیں گے اور اسی طرح انہیں 2018ءکے انتخابات تک لے جائیں گے۔

 

مزید خبریں :