کاروبار
21 اکتوبر ، 2016

پاکستانی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن، گلوبل مارکیٹس رپورٹ

پاکستانی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن، گلوبل مارکیٹس رپورٹ

 

گلوبل مارکیٹس کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوگئی، چین اور مشرق وسطیٰ سے سرمائے کی آمد اور حکومتی پالیسیوں نے معیشت کو کامیابی کی شاہراہ پر ڈال دیا ہے۔

گلوبل مارکیٹس کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی معیشت پانچ فیصد نمو کیلئے تیار ہوچکی ہے،حکومت پاکستان کی مالیاتی شعبے کو وسعت دینے اور معاشی نمو بڑھانے کی کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تین سال قبل لڑکھڑاتی ہوئی معیشت کو کامیابی کی شاہراہ پر لے جانے میں کئی امور نے اہم کردار ادا کیا تاہم چار امور کلیدی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے کامیابی سے مکمل کئے جانے سے پاکستان کی مالیاتی پوزیشن مستحکم ہوئی ہے، فنڈ پروگرام کے ساتھ حکومتی اقدامات کامیابی کی اہم وجہ ہیں، توانائی شعبے سے مراعات کا خاتمہ اور ٹیکس آمدنی بڑھنا اس سلسلے میں اہم ہے۔

رپورٹ میں چین سے آنے والی سرمایہ کاری کو دوسری اہم وجہ قرار دیا گیا ہے، 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے پاکستانی معیشت کے مستقبل کیلئے اہم پیش رفت ہے۔

رپورٹ میں تیسری وجہ پاکستانی کمپنیوں کے منافع کمانے کی صلاحیت کو کہا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق پاکستانی کمپنیز جو منافع کما رہی ہیں اس کی وجہ سے دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان کی جانب راغب ہورہے ہیں، حکومت کے نجکاری پروگرام سے اس میں مزید تیزی کی امیدکی گئی ہے۔

رپورٹ میں چوتھی اہم وجہ پاکستانی معیشت کے اعداد وشمار بہتر ہونے کو بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستانی معیشت 2017ء میں 5 فیصد نمو کیلئے بالکل تیار ہے۔

مزید خبریں :