دنیا
24 اکتوبر ، 2016

توجہ اب ٹرمپ پر نہیں بلکہ ملکی مسائل پر ہے، ہلیری

توجہ اب ٹرمپ پر نہیں بلکہ ملکی مسائل پر ہے، ہلیری

 

ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ اب ڈونلڈ ٹرمپ پر نہیں بلکہ ملکی مسائل پر ہے۔ ادھر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ صدارتی مہم کے اختتام پر وہ ان تمام خواتین کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے، جنہوں نے ان پر جنسی حملوں کے الزامات عائد کیے ہیں۔

اتوار کے روز مختلف ریلیوں سے خطاب میں ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ انھیں اب پروا نہیں کہ ان کے حریف ری پبلکن پارٹی کے ڈونلڈ ٹرمپ کیا کہتے ہیں بلکہ ان کی توجہ مسائل پر مرکوز ہوگی۔

ہلیری نے ٹرمپ کے ساتھ سخت جملوں کے تبادلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کے ساتھ ساڑھے چار گھنٹے بحث کی ہے۔ میں اب ان کی باتوں کا جواب دینے کے بارے میں سوچتی بھی نہیں ہوں۔

ادھر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کے روز ایک مرتبہ پھر اس بات کی جانب اشارہ کیا کہ جیسے ہی صدراتی انتخاب کے لیے جاری ان کی مہم کا اختتام ہوگا وہ ان تمام خواتین کے خلاف مقدمہ کریں گے۔ جنھوں نے ان پر جنسی طور پر ہراساں کرنے یا غیر مناسب رویے کا الزام لگایا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ان پر الزام لگانے والوں کے خلاف مقدمہ کرنے بارے میں جب ہلیری سے پوچھا گیا، تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی توجہ اب دیگر ڈیموکریٹس کے انتخاب کی جانب ہے۔ ٹرمپ جو چاہیں کہہ سکتے ہیں۔ وہ اپنی مہم اپنی مرضی کے مطابق چلا سکتے ہیں۔

دوسری جانب ایک امریکی نشریاتی ادارے کے سروے کے مطابق ہلیری کلنٹن کو 50فیصد، جبکہ ٹرمپ کو 38فیصد عوامی حمایت حاصل ہے۔ دو روز قبل ٹرمپ اور ہلیری کے درمیان یہ فرق محض چار پوائنٹس کا رہ گیا تھا۔

مزید خبریں :