پاکستان
24 اکتوبر ، 2016

دو لاکھ میں سے کراچی کی بھرتیاں 9ہزار بھی نہیں،خواجہ اظہار

دو لاکھ میں سے کراچی کی بھرتیاں 9ہزار بھی نہیں،خواجہ اظہار

ایم کیوایم کے اراکین سندھ اسمبلی فیصل سبزواری اور خواجہ اظہارالحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے 2 لاکھ 9 ہزار بھرتیاں کیں جن میں سے کراچی کی بھرتیاں 9ہزار بھی نہیں ہیں، وائٹ پیپر لارہے ہیں، عدالت بھی جائیں گے۔

خواجہ اظہار نے کہا کہ سندھ میں سرکار روٹی ، کپڑا اور مکان فروخت کرتی ہے ، جعلی ڈومیسائل پر نوکریوں کا معاملہ عدالت میں اٹھائیں گے ، پیپلزپارٹی کے 8سال کے دورسے مشرف کا دور بہتر تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نظام وہی اچھا ہوتا ہے جس میں مسائل کے حل کےلیے وسائل دئیے جائیں ،مشرف کے دور کو سندھ حکومت کی حرکتوں کی وجہ سے یاد کرتےہیں، وزیر بلدیات آپ پر مشرف کے بڑے احسانات ہیں ، انہیں یاد رکھیں۔

خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ خاص بااثر افراد کراچی میں فسادات اور بے چینی کو ہوا دے رہےہیں، بلدیاتی نمائندوں کو خدمت سے روکنے کی کوشش کی گئی تو سخت ردعمل دیں گے، ڈپٹی میئر اور ضلعی چیئرمینوں کوہراساں کرنے کی سازش ہورہی ہے۔

خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ کے ایم سی کے فنڈز میں کسی قسم کی کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی۔کے ایم سی اور ڈی ایم سیز سے سرکاری افسر ماہانہ بھتہ وصول کررہےہیں۔

بلدیاتی حکومتوں کو فوری طور پر اختیار منتقل کریں۔

اس موقع پرفیصل سبز واری نے کہا کہ حکومت سندھ جواب دے کہ صوبے کا ترقیاتی بجٹ 1000 ارب سے زیادہ رہا ہے، اس میں سے کراچی میں کتنا خرچ کیا؟ شہری سندھ کی حق تلفی کی جا رہی ہے،پیپلز پارٹی سندھ میں جعلی بھرتیوں کا حساب دے۔

 

 

مزید خبریں :