پاکستان
24 اکتوبر ، 2016

ایمان داری کے چیمپئن عمران کرپشن کے بادشاہ ہیں، رہنما ن لیگ

ایمان داری کے چیمپئن عمران کرپشن کے بادشاہ ہیں، رہنما ن لیگ

 

ارشد وحید...مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر کا کہنا ہے کہ ایمان داری کے چیمپئن بننے والےعمران خان کرپشن کے بادشاہ ہیں، زندگی میں اتنی مالی بے قاعدگیاں نہیں دیکھیں جتنی عمران خان کے سلسلے میں دیکھیں۔

وہ ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔طلال چوہدری نے کہا کہ عمران خان بھول جائیں کہ حکو مت اسلام آباد کو بند کرنے دے گی، بغاوت اور ملک کا امیج خراب کرنے کی اجازت نہ پہلے دی نہ اب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایمان داری کے چیمپئن عمران خان کرپشن کے بادشاہ ہیں، احتساب کے نام پہ حکومت اور نظام کو مفلوج کرنے کے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں، احتجاج کیلئے جگہ اور سیکیورٹی بھی ملے گی لیکن بغاوت اور لاک ڈاؤن بھول جائیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نےکہا کہ ایمپائر اور انگلی میں حقیقت ہوتی تو گزشتہ دھرنے میں سامنے آجاتی،لیگی رہنماؤں نے عمران خان سے فلیٹ، آف شور کمپنی اورٹیکس نہ دینے بارے جوابات طلب کئے،جس نے کبھی چنوں کی ریڑھی نہ لگائی ہو وہ پر آسائش زندگی اورکروڑوں اربوں کے اخراجات کا حساب دے۔

محمد زبیر نے عمران خان کی زندگی کو بے قاعدگیوں سے بھرپور قرار دیا،لیگی رہنماؤں نے کہا کہ تیسری بار وزیر اعظم منتخب ہونےو الے نواز شریف کو کسی حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، عمران خان کا احتجاج نہیں کنسرٹ ہوتا ہے۔

لیگی رہنماؤں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ اور سرکاری افراد اسلام آباد پر چڑھائی کے عمل میں شامل ہونے سے باز رہیں،سرکاروں اداروں اور معمولات زندگی کی روانی یقینی بنائیں گے ،قانون ہاتھ میں لینے پر بلا امتیاز کارروائی ہو گی، خان صاحب اور پنڈی کے جوکر اداروں کی ساکھ داؤ پر نہ لگائیں۔

مزید خبریں :