پاکستان
26 اکتوبر ، 2016

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران کی تقریروں کا ریکارڈ طلب کرلیا

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران کی تقریروں کا ریکارڈ طلب کرلیا

 

اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پیمرا سے عمران خان کی تقریروں کا ریکارڈ طلب کر لیا، عدالت نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کے دو نومبر کے احتجاج سے متعلق نشر ہونے والے بیانات اور تقاریرکا ریکارڈ پیش کیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، آئی جی اسلام آباد اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو بھی کل ذاتی حیثیت میں عدالت طلب کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے پی ٹی آئی کے دو نومبر کے احتجاج اور دھرنے کے خلاف چار شہریوں کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان قانون کی بالادستی پر یقین نہیں رکھتے۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ دہشت گردی مقدمات میں عدالتوں سے مفرور اور اشتہاری ہیں جو دو نومبر کو پھر احتجاج کی کال دے رہے ہیں جس سے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں پیمرا کو حکم دیا ہے کہ عمران خان کے 2 نومبر کے احتجاج سے متعلق الیکٹرانک میڈیا میں نشر ہونے والے بیانات اور تقاریر کا ریکارڈ پیش کیا جائے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور آئی جی اسلام آباد کل ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر بتائیں کہ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور معمولات زندگی جاری رکھنے کے حوالے سے کیا اقدامات کیے گئے۔

مزید خبریں :