پاکستان
26 اکتوبر ، 2016

کوئٹہ :پولیس ٹریننگ کالج پر حملہ، سیاسی رہنماؤں کے سوالات

کوئٹہ :پولیس ٹریننگ کالج پر حملہ، سیاسی رہنماؤں کے سوالات

 

راشد سعید...بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے والے کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ میں اہل کاروں کو واپس بلانے کے معاملے پر عدالت جائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری کا کہنا ہے کہ اہل کاروں کو اسلام آباد کے دھرنے میں ڈیوٹی کے لیے واپس طلب کیے جانے کی بات محض پروپیگنڈا ہے۔

پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں دہشت گردی کا الم ناک واقعہ اپنے پیچھے کئی سوالات چھوڑ گیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیارولی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران کچھ ایسے ہی چبھتے ہوئے سوالوں کی نشاندہی کی۔

بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف مولاناعبدالواسع نے تو اہل کاروں کو واپس بلانے کے معاملے کی تحقیقات کے لیے عدالت جانے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف تیارجوانوں کو دہشت گردوں کےرحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس تاثر کو محض پروپیگنڈا قرار دیا کہ اہل کاروں کو اسلام آباد کے دھرنے میں ڈیوٹی کے لیے واپس طلب کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ کا مؤقف اپنی جگہ مگر جب سوالات اٹھتے ہیں تو پھر ان کے اطمینان بخش جواب آنے بھی ضروری ہیں، ورنہ سچائی تک پہنچنے کا راستہ دشوار ہوجاتا ہے اور شکوک و شبہات جنم لینے لگتے ہیں۔

مزید خبریں :