پاکستان
27 اکتوبر ، 2016

لاہور: دُلہن سسرال میں پراسرار طور پر جل کر ہلاک

لاہور: دُلہن سسرال میں پراسرار طور پر جل کر ہلاک

 

میاں محمد عابد...لاہور کے نواحی علاقے رائیونڈ میں نئی نویلی دُلہن سسرال میں پراسرار طور پر جل کر ہلاک ہو گئی ہے۔ سسرالیوں نے لڑکی کے والدین کے پہنچنے سے پہلے ہی اُسے سپرد خاک کر دیا۔

لڑکی کے والدین کی درخواست پر ایک ماہ بعد متوفیہ کی قبر کشائی ہوئی ہے۔ رائیونڈ کا گاؤں جودودھیر میں17 سالہ ثناء وہ بدقسمت لڑکی، جس کی شادی 2ماہ پہلے اسی گاؤں کے وقاص سے ہوئی تھی۔

ایک ماہ پہلے ثناء کے والدین کو اطلاع ملی کہ لڑکی گیس سلنڈر پھٹنے سے جل کر ہلاک ہوگئی ہے۔ محض 10 گز کے فاصلے سے وہ جیسے ہی بیٹی کے سسرال پہنچے، پتہ چلا ثناء کی لاش تو دفنائی بھی جاچکی ہے۔

متاثرہ والدین نے انصاف کے لیے پولیس کا در کھٹکھٹایا۔ لیکن کسی افسر یا اہلکار نے غریب خاندان کی ایک نہ سنی۔ در در کی خاک چھاننے کے ایک ماہ بعد غریب والدین پہنچے عدالت۔

جج صاحب نے قبر کشائی کا حکم دے دیا۔ قبرکشائی کے بعد اعضاء فرانزک لیب بھجوا دیے گئے۔ ثناء کا سسرالی خاندان گھروں کو تالے لگا کر فرار ہو چکا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد ہی مقدمہ درج ہو گا۔

مزید خبریں :