دنیا
27 اکتوبر ، 2016

افغانستان: ڈرون حملہ میں القاعدہ کے 2رہنما ہلاک

افغانستان: ڈرون حملہ میں القاعدہ کے 2رہنما ہلاک

امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ افغان صوبے کنر میں کیے جانے والے ڈرون حملے میں القاعدہ کے سینئر رہنما اور انکے نائب ہلاک ہوگئے ہیں۔امریکی حکام کے مطابق شمالی افغانستان میں القاعدہ کے امیرفاروق القحطانی اور ان کےنائب بلال مطیبی کو نشانہ بنایاگیا تھا۔

پنٹاگون کے ترجمان پیٹر کوک کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان صوبے کنر میں امریکی فوج کی کارروائی میں القاعدہ کے 2اہم کمانڈر مارے گئے ہیں۔

ہلاک دہشت گردوں میں القاعدہ شمالی افغانستان کے امیر فاروق القحطانی اور ان کا نائب بلال العتابی شامل ہیں۔ دونوں کمانڈر شمالی افغانستان میں القاعدہ کو متحرک اور محفوظ ٹھکانے دوبارہ فعال کرنے میں ملوث تھے۔

کارروائی کنر کے دور دراز علاقوں میں وسیع نگرانی کے بعد کی گئی۔ بیان میں حملے کی نوعیت کا ذکر نہیں کیا گیا ہے، تاہم ایک امریکی اہلکار کے مطابق دونوں کمانڈر فضائی حملے میں مارے گئے ہیں۔

ادھر کنر صوبے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں کم ازکم15 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ جن میں کالعدم ٹی ٹی پی کے کچھ دہشت گرد اور 2عرب جنگجو بھی شامل ہیں۔ ترجمان نے القاعدہ کمانڈروں کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔

مزید خبریں :