پاکستان
27 اکتوبر ، 2016

کراچی:تالہ توڑ گروپ کاایک اور وار، 40 دکانوں کا صفایا

کراچی میں تالہ توڑ گروپ نےایک اور وار کردیا، پولیس کے گرفتاریوں کے دعوے پھر دھرے رہ گئے، ایم اے جناح روڈ پر واقع جامی مارکیٹ کی 40 دکانوں کا راتوں رات صفایا ہوگیا۔

ایم اے جناح روڈ پر واقع جامی مارکیٹ کی 40 دکانوں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کی نقدی چور ی کرلی گئی۔ مارکیٹ کے صدر حاجی عالم کے مطابق ڈاکووں نے چوکیدار کو یرغمال بناکر دکانوں کے تالے توڑے۔

اس سے قبل الفلاح میں مختلف علاقوں میں دکانوں کے تالے توڑ کر چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو پولیس نے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا، پولیس نے ملزمان سے مسروقہ سامان برآمد کرنے کا بھی دعویٰ کیا تھا۔

اسی طرح کا دعویٰ صدر ایمپریس مارکیٹ میں تالہ توڑ گروپ کی کارروائی کے بعد بھی کیا گیا تھا جس میں ملزمان نے ریڈ زون میں محرم الحرام کے موقع پر سیل کی گئی ایمپریس مارکیٹ کی 14 دکانوں کا صفایا کردیا تھا اور جاتے جاتے 40 ہزار روپے بھی ساتھ لے گئے تھے، واقعے کے بعد پولیس نے مارکیٹ چوکیداروں کو حراست میں لے لیا تھا۔

اس سے قبل صدر میں ہی واقع تبت سینٹر کی مارکیٹ بھی تالا توڑ گروپ کا نشانہ بن چکی ہے، جہاں ملزمان نے تالے کاٹ کر 24 دکانیں صاف کر ڈالی تھیں۔گذشتہ ماہ ہونے والی اس واردات میں پولیس نے رسیوں میں بندھے چوکیدار کو حراست میں لے لیا تھا۔

دوسری جانب صدر ہی کے علاقے میں واقع اردو بازار میں ملزمان تالے کاٹ کر دکانوں سے 54 ہزار روپے لوٹ لیے تھے۔ اس واردات میں بھی پولیس نے مزید تحقیقات کے لیے چوکیدار کو ہی حراست میں لیا تھا۔

مزید خبریں :