پاکستان
27 اکتوبر ، 2016

افغان زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے ،دفتر خارجہ

افغان زمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے ،دفتر خارجہ

 

ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا کا کہنا ہے کہ کوئٹہ دہشت گرد حملے کے دوران دہشت گردوں کو افغانستان سے ہدایات مل رہی تھیں، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے ، افغان حکومت سے بار بار کہا ہے کہ اسے روکا جائے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو اور سابق امریکی وزیر دفاع بھی کہہ چکے ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی افغانستان میں کرتا ہے، کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کے بعد دہشت گردی کے کئی نیٹ ورکس بھی پکڑے گئے۔

پاکستان نے نئی دہلی میں پاکستان کے سفارتی اہلکار کی گرفتار ی اور ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی رویہ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے میں کامیاب نہیں ہوگا۔

نئی دہلی میں پاکستان کے سفارتی اہلکار کی گرفتار ی اور ناپسندیدہ شخصیت قرار دینے کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہاکہ بھارت ایسے اقدامات کرکے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کی سفارتی ذمہ داریاں محدودکرناچاہتا ہے ۔

دفترخارجہ سے جاری بیان میں کہاگیاہےکہ بھارت کی وزارت خارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کر کے سفارت کار کی ملک بدری کے فیصلے سے آگاہ کیا، بھارت نے میڈیا کو بھی منفی اور من گھڑت پروپیگنڈے کیلئے استعمال کیا ، پاکستانی سفارت کار کو گزشتہ روز جھوٹے اور لغو الزامات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا، جسے تین گھنٹے بعد پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں کے باعث رہا کر دیا گیا۔

پاکستانی ہائی کمیشن بین الاقوامی قوانین اور سفارتی آداب کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھارہا ہے، بھارت کی تناؤ بڑھانے اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکتیں ، عالمی برادری سے بھارتی منصوبوں کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

مزید خبریں :