پاکستان
27 اکتوبر ، 2016

اسلام آباد :تحریک انصاف کا یوتھ کنونشن، 120 نوجوان گرفتار

اسلام آباد میں ہونے والے تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن کے دوران اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب پولیس اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے نوجوان آمنے سامنے آگئے۔

اسلام آباد میں تحریک انصاف کے یوتھ کنونشن کے باہر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے 120نوجوان گرفتار کرلیے۔

گرفتار افراد میں آئی ایس ایف کے صدر بھی شامل ہیں جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہوگئی، پی ٹی آئی کی خواتین کارکنوں کی جانب سے پولیس پر بدتمیزی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ صورت حال کے پیش نظر ایف سی کی نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔

پولیس کی یوتھ کنونشن میں پکڑ دھکڑ جاری تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی وہاں پہنچ گئے،اس موقع پر ان کا کہنا ہے کہ آج مسلم لیگ ن کا اصلی چہرہ سامنے آگیا ، تحریک انصاف کی نہتی خواتین پر لاٹھیاں برسائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی سڑک بند نہیں کی، کسی نے ہمارے ہاتھ میں اسلحہ نہیں دیکھا، ہمارا پروگرام چار دیواری کے اندر تھا، دفعہ 144کی خلاف ورزی نہیں ہوئی،ہم کھڑے تھے ، ہمیں گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ بچوں کو گرفتار کیا گیا، ہمیں پرامن یوتھ کنونشن سے کیوں روکا جارہا ہے؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے ہاتھ میں ڈنڈا نہیں، ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا، خواتین پر تشدد کیا گیا، جج صاحب دیکھیں اسلام آباد انتظامیہ کیا کررہی ہے، آئی جی اسلام آباد فوری طور پر یہاں آکر ہم سے بات کریں۔

پی ٹی آئی رہنما اسد عمر بولے ایوانوں پر لرزہ طاری ہے ،کچھ بھی ہو احتجاج کا آئینی حق استعمال کریں گے، یہ جتنا تشدد کریں گے عوام اتنی بڑی تعداد میں اسلام آباد پہنچیں گے،تصدیق ہوگئی کہ پاکستان میں جمہوریت نہیں بادشاہت ہے ۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت گھبرائی ہوئی ہے، تشدد کے بعد صرف وزیراعظم نہیں پوری حکومت خطرے میں آگئی ہے۔

دوسری طرف ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں پولیس نے پی ٹی آئی کےایم پی اے اعجاز خان جازی کے گھر پر چھاپا مار کر ان کے بھائی اقبال خان کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اعجاز خان جازی کےبڑے بھائی امتیازخان پہلےہی پولیس حراست میں ہیں۔

مزید خبریں :