پاکستان
28 اکتوبر ، 2016

پاناما لیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل

سپریم کورٹ نے پانامالیکس سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 5رکنی بینچ یکم نومبر سے درخواستوں کی سماعت کرے گا،عدالت وزیراعظم سمیت تمام فریقوں کو نوٹس جاری کرچکی ہے۔

آئندہ ہفتے کے لیے ججز کا روسٹر جاری ہوگیا، پانامالیکس سے متعلق درخواستوں پر تشکیل دیے گئے لارجر بینچ میں جسٹس آصف سعید کھوسہ ، جسٹس امیر ہانی مسلم ،جسٹس عظمت سعید شیخ اور جسٹس اعجاز الحسن شامل ہیں،سماعت روزانہ کی بنیادپرکیےجانےکاامکان ہے۔

اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے 20اکتوبر کو پاناما پیپرز کی تحقیقات اور وزیر اعظم کو نااہل قرار دینے سے متعلق تحریک انصاف، جماعت اسلامی اورعوامی مسلم لیگ سمیت 6مختلف آئینی درخواستوں کی سماعت کی تھی۔

دھرنوں پر پابندی لگانے اور احتساب کے نام پر جمہوری عمل ڈی ریل نہ کرنے سے متعلق وطن پارٹی کی درخواست قبل ازوقت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی گئی تھی جبکہ دیگر درخواستوں پر سپریم کورٹ نے ابتدائی سماعت کے بعد وزیر اعظم سمیت تما م فریقین کو نوٹس جاری کردیے تھے ۔

مزید خبریں :