کھیل
09 دسمبر ، 2016

پاکستانی بیٹنگ لائن آسٹریلیا میں بھی فلاپ، بولروں نے لاج رکھ لی

پاکستانی بیٹنگ لائن آسٹریلیا میں بھی فلاپ، بولروں نے لاج رکھ لی

نیوزی لینڈ کے بعد پاکستانی بیٹسمینوں کی آسٹریلیا میں ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔تاہم بولروں نے بیٹنگ کی لاج رکھ لی۔محمد عامر کے اسپیل نے میزبان ٹیم کو بیک فٹ پر کردیا۔

ٹیسٹ سیریز سے قبل وارم اپ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن بڑا اسکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔سائیڈ میچ میں یونس خان اور سرفراز احمد کے علاوہ پاکستانی بیٹنگ بری طرح ناکام رہی۔

سہ روزہ ڈے اینڈ نائٹ میچ کے پہلے د ن پاکستان کی پوری ٹیم 208 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔جواب میں پاکستانی بولنگ نے کرارا جواب دیا۔جمعرات کو پہلے دن کھیل کے اختتام پرکرکٹ آسٹریلیا الیون نے چار وکٹ پر تین رنز بنائے تھے۔محمد عامر نےدو اوورز میں تین رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔راحت علی نے ایک اوورمیں ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔

پہلے ٹیسٹ سے قبل سہ روزہ وارم اپ میچ میں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو اس وقت غلط ثابت ہوا جب 50 رنز پر تین پاکستانی کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

اوپنر سمیع اسلم دس، اظہر علی 23 اور بابر اعظم 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔مصباح الحق اور یونس خان پر مشتمل ٹیم کی سب سے تجربہ کار اور قابل بھروسہ جوڑی نے 38 رنز کا اضافہ کیا۔ مصباح الحق 20 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔

اسد شفیق نے بھی کمزور بولنگ اٹیک کے خلاف بیٹنگ پریکٹس کا موقع گنوا دیا اور 18 رنز بنانے کے بعد ویلانٹے کی وکٹ بن گئے۔دورہ نیوزی لینڈ میں مسلسل جدوجہد کرنے والے یونس خان نے نصف سنچری کر کے کچھ اعتماد بحال کیا لیکن 54 رنز پر ان کی اننگز بھی اختتام پذیر ہوئی جبکہ محمد نواز ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہوئے۔سرفراز احمد نے چار چوکوں کی مدد سے39رنز بنائے۔

سرفراز اور وہاب ریاض نے آٹھویں وکٹ کیلئے 24 رنز جوڑ کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی لیکن وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد روایتی جلد بازی میں وکٹ دے بیٹھے جبکہ وہاب نے16رنز بنائے۔پاکستان کی پوری ٹیم ناتجربہ کار بولنگ لائن اپ کے خلاف 208 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

کرکٹ آسٹریلیا الیون کی جانب سے کیمرون ویلانٹے نے چار اور مارک اسٹیکیٹی نے تین وکٹیں لیں۔تاہم پاکستانی بولروں نے عمدہ بولنگ سے بیٹنگ لائن کی ناکامی کا ازالہ کردیا۔

محمد عامر نے اننگز کی پہلی ہی گیند پر جمی پیئرسن کی وکٹیں بکھیر دیں اور اگلی ہی گیند پر ولیم بوسسٹو بھی پویلین چلتے بنے۔اگلے اوور میں بھی میزبان ٹیم کا کھاتا کھلا بھی نہ تھا کہ راحت علی نے جیک کارڈر کو اظہر علی کی مدد سے قابو کر لیا۔میچ کے پہلے دن 14وکٹ گرے۔

 

مزید خبریں :