کاروبار
09 دسمبر ، 2016

کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک کا حصہ بنانا چاہیے:سعد رفیق

کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک کا حصہ بنانا چاہیے:سعد رفیق

 

وزیرریلوے سعد رفیق نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی ہے، خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے کو سی پیک کا حصہ بنانا چاہیے۔

سندھ حکومت اور پاکستان ریلوے نے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا ہے تاکہ کراچی اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا انتظامی کنٹرول اور کراچی سرکلر ریلوے کے رائٹ آف وے سندھ حکومت کے حوالے کرنے کی تمام تر قانونی ضروریات اور تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔

یہ فیصلہ آج وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق کے درمیان وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کو بحال کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ میں نے متعدد بار اس مسئلے پر چائنیز اتھارٹیز کے ساتھ ملاقاتیں کی ہیں کہ اسے سی پیک میں شامل کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو شروع کرنے کیلئے کے اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا انتظامی کنٹرول لینے کا پلان تشکیل دیاجس کے لیے انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کو ایک خط لکھا تھا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے اربن ٹرانسپورٹ کارپوریشن کا انتظامی کنٹرول سندھ حکومت کے حوالے کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر نے کے یو ٹی سی کی مینجمنٹ حوالے کرنے اور کے سی آر کے رائٹ آف وے سندھ کے حوالے کرنے کیلئے حکمت عملی وضع کرنے اور ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر آمادگی ظاہر کی۔

ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان ریلوے کی260ایکڑ رقبہ پر مشتمل زمین سندھ حکومت کو کراچی سرکلر ریلوے کی تعمیر کیلئے دی جائے گی۔

مزید خبریں :