پاکستان
10 دسمبر ، 2016

طیارہ حادثہ:چینی شہری کی شناخت کے لیے بھائی کے سیمپل جمع

طیارہ حادثہ:چینی شہری کی شناخت کے لیے بھائی کے سیمپل جمع

 

پی آئی اے طیارہ حادثے میں مرنے والے چینی شہری کی شناخت کے لیے بھائی نے ڈی این اے سیمپل دے دیے۔روات کولڈ اسٹوریج میں موجود 38میتوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے ،ائر ہوسٹس صدف کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جبکہ طیارہ حادثے کی تحقیقات میں بھی پیشرفت نہ ہوسکی ۔

طیارہ حادثے میں جاں بحق 47 افراد میں سے38 کی میتوں کی اب تک شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ 35 میتوں کے معائنے کے لئے نمونے لئے جا چکے ہیں ۔

حادثے میں ہلاک ہونے والے 3غیر ملکیوں میں سے ایک چینی شہری ہان کیانگ کے بھائی نے میت کے حصول کے لیے پمز انتظامیہ سے رابطہ کرلیا اور ڈی این اے کے لئے نمونے دے دیے۔

ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پمز ڈاکٹر الطاف کے مطابق2 غیر ملکیوں کے لواحقین نے اب تک رابطہ نہیں کیا ۔ جنید جمشید اور ان کی اہلیہ سمیت شناخت نہ ہونے والی 38 لاشوں کو روات میں کولڈ اسٹوریج میں رکھا گیا ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے میں جاں بحق مسافروں کے لواحقین کو بھرپور سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں، ڈی این اے رپورٹس آنے پرلاشیں لواحقین کے حوالے کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 بدھ کی شام 47 مسافروں کو چترال سے اسلام آباد لا رہی تھی کہ ایبٹ آباد میں حویلیاں کے قریب طیارے کو حادثہ پیش آ گیا ۔ طیارے میں42 مسافر اورعملے کے 5ارکان سوار تھے ۔

طیارے کی 2 ایئر ہوسٹس اسما عادل ،صدف فاروق ، ڈی سی او چترال ، انکی بیٹی اور اہلیہ سمیت 9 جا ں بحق افراد کی میتیں ورثہ کے حوالے کرنے کے بعد تدفین کی جا چکی ہے۔

مزید خبریں :