دنیا
17 جنوری ، 2017

ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر یورپی ممالک کا سخت ردعمل

ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر یورپی ممالک کا سخت ردعمل

 

ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر یورپی ممالک کی قیادت نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے، یورپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف نے امریکی سفارت خانہ بیت المقدس منتقل کرنے پر سنگین نتائج سے خبردار کیا ہے -

برسلز میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی چیف فیڈریکاموگرینی نےواضح کیاکہ امریکی سفاتخانے کی منتقلی کی صورت میں وہ تل ابیب سےاپنے وفدمنتقل نہیں کریں گے۔ ایسے یکطرفہ فیصلوں سے گریز کرنا چاہیے جن کے دنیا کے بڑے حصے میں سنگین نتائج ہوں۔

ادھرنومنتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی یورپی یونین پر تنقید کےبعدفرانس کے صدر فرانسوااولاند کاردعمل بھی سامنےآیاہے، وہ کہتے ہیں کہ یورپ بین البراعظمی تعاون چاہتاہے ہماری اقدار اور مفادات کو ترجیح حاصل ہے۔ یورپی یونین کواپنے معاملات چلانے کیلئے کسی غیررکن ملک کےمشورے کی ضرورت نہیں۔

جرمن چانسلر انگیلا مرکل کا کہنا تھا کہ یورپی اتحاد ہی ڈونلڈ ٹرمپ کےبیان کا بہترین جواب ہے۔

جرمن وائس چانسلرزِیکمار گیبریئل نے کہاکہ مشرقِ وسطیٰ میں بغیر سوچے سمجھےامریکی مداخلت نے ہی پناہ گزینوں کے بحران کو جنم دیا تھا۔

دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے بھی دوسرے ملکوں کےسیاسی معاملات پرنومنتخب امریکی صدرٹرمپ کے بیانات کونامناسب قراردیا۔

امریکی نو منتخب صدر نے کہا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے برگزٹ کا فیصلہ بہت اچھا تھا کیونکہ یورپی یونین ٹوٹنے کے دہانے پر ہے۔ انھوں نے جرمن چانسلر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

 

مزید خبریں :