کھیل
27 فروری ، 2017

پی ایس ایل فائنل 5مارچ کو لاہور میں ہوگا: حکومت پنجاب

 

رئیس انصاری...حکومت پنجاب نے پی ایس ایل ٹو کا فائنل 5مارچ کو لاہور میں کرانے کی منظوری دے دی۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ لاہور میں ہو گا،وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے فیصلہ سنا دیا، پی ایس ایل فائنل بنے گا پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کا گیٹ وے، فائنل کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔

پی ایس ایل فائنل لاہور میں کرانے کا فیصلہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کے اجلاس میں کیا گیا۔

صوبائی اور وفاقی سیکورٹی اداروں سے مکمل مشاورت کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب نے لاہور میں فائنل میچ کرانے کی باقاعدہ منظوری دی۔

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے مل کر پی ایس ایل کے فائنل میچ کو کامیاب بنانا ہے، انہوں نے میچ کیلئے سوفیصد فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ملک و قوم کے بہترین مفاد میں کیا، قوم سے اپیل ہے کہ فائنل میچ کامیاب بنانے کے لیے حکومت کی کاوشوں کا ساتھ دے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان فائنل میچ کے تمام انتظامات کا خود جائزہ لے۔

وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے 5مارچ کو لاہور میں فائنل کے لیے بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پی ایس ایل ٹو کے فائنل کے لیے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا،یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ 8تا10ہزار اہلکار 5مارچ کو لاہور میں بالخصوص قذافی اسٹیڈیم کے ارد گرد سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قذافی اسٹیڈیم کے نئے پویلین کا افتتاح کل ہوگا، اسٹیڈیم کے باہر سڑکوں کی مرمت جاری ہے۔

اب شائقین اپنے ملک میں ہی پی ایس ایل کا کلائمیکس دیکھیں گے، قذافی اسٹیڈیم میں تیاریاں تیز کردی گئیں، تزئین و آرائش اور دیگر انتظامات جاری ہیں۔

دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کا 80فیصد اسٹاف لاہور پہنچ گیا، جبکہ ٹرافیاں اور شیلڈز بھی پہنچادی گئیں۔

مزید خبریں :