پاکستان
27 فروری ، 2017

عمران پاکستانی بال ٹھاکرے نہ بنیں، مریم اورنگزیب

عمران پاکستانی بال ٹھاکرے نہ بنیں، مریم اورنگزیب

 

وزیرمملکت برائے اطلاعات مریم اورنگ زیب کا کہنا ہے کہ عمران خان پاکستان کے بال ٹھاکرے نہ بنیں، پی ایس ایل کا فائنل لاہورمیں ہونا پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری ہے۔

وزیر مملکت نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کے اعلان پر عمران خان کے ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ تمام دنیا کو پیغام جانا چاہیے کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہیں ۔

مریم اورنگزیب نےکہاکہ خان صاحب آپ کو کئی دفعہ سوچ کر بولنے کی تلقین کی گئی ہےتاکہ کبھی تو آپ کے منہ سے خیرکا جملہ نکلے لیکن آپ سے کبھی بھی دانشمندانہ بیان کی توقع ہی نہیں، آپ کابیان دہشت گردوں کے سہولت کارہونے کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل کا لاہور میں ہونا پاکستانیوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری ہےاور یہ پنجاب حکومت کی کاوشوں اورقوم کے دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کے عزم کا مظہرہے۔

وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نےبلاول بھٹو کےحالیہ بیان پر اپنے ردعمل میں کہاکہ اپوزیشن پاناما کوسیاسی بیساکھی کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے، بلاول زرداری کوبلاول بھٹو بننے میں طویل عرصہ درکار ہے، انہیں چاہیے کہ اپنی والدہ کی سیاسی بصیرت سے کچھ سیکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ کے متعلق بلاول بھٹو زرداری کا بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ اور غیرسنجیدہ اور اداروں کو دھمکانے کی ایک اور کوشش ہے۔

مزید خبریں :