کھیل
28 فروری ، 2017

پی ایس ایل کا پہلا پلے آف ٹاکرا،کوئٹہ ،پشاورآج مد مقابل

پی ایس ایل کا پہلا پلے آف ٹاکرا،کوئٹہ ،پشاورآج مد مقابل

پی ایس ایل ٹو کے لیگ میچز اپنے اپنے اختتام کو پہنچے،آج سے پلے آف راؤنڈ شروع ہوگا۔

شارجہ کے اسٹیڈیم میں پی ایس ایل کے پلےآف راؤنڈ کےپہلے میچ میں مایہ ناز وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی زیرقیادت کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی ٹیم ڈیرن سیمی کی کپتانی میں پشاور زلمی کی ٹیم سےمدمقابل ہورہی ہے۔

پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے شائقین اپنی اپنی ٹیموں کی فتح کے لیے انتہائی پرامید اور پرجوش ہیں ، دونوں ٹیموں کے شائقین نے اپنی ٹیموں کے لیے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار کیا ہے۔

جوں جوں پی ایس ایل ٹو کے پلے آف میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈ ایٹرزکے میچ کا وقت قریب آ رہا ہے، دونوں شہروں میں کرکٹ سے محبت کرنے والوں کے دلوں کی دھڑکن تیز ہورہی ہے، پشاور میں کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم اس ٹاکرے میں کوئٹہ کو شکست سے دو چار کرے گی۔

نوجوانوں کو یہ بھی توقع ہے کہ پشاور زلمی ہر صورت اس بار پی ایس ایل ٹو کا کپ لائے گی اور اس میں ویسٹ انڈین آل راؤنڈر ڈیرن سیمی اور بوم بوم کمال دکھائیں گے ۔

پشاوری پی ایس ایل ٹو کے فائنل کے لاہور میں انعقاد پر خوش ہیں، کہتے ہیں کہ تماشائیوں نے طویل عرصے بعد ہونے والے کرکٹ مقابلے کو دیکھنے کے لیے لاہور جانے کی بھی ٹھان لی ہے۔

اس میچ کیلئے کوئٹہ کے کرکٹ شائقین اور خاص طور پر نوجوان بھی بہت پرجوش ہیں،جنہوں نے اپنی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

شائقین کا یہ بھی کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹر اس بار بھی پہلے کی طرح دوسرے ایڈیشن کے فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگی اور انشاء اللہ پی ایس ایل کایہ ایڈیشن بھی اپنے نام کرے گی،سرفراز اور پیٹرسن کا بہترین کمبی نیشن ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹر کےسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ان کیلئے پشاورزلمی کےخلاف کھیلاجانےوالا شارجہ کا میچ ہی فائنل ہے کیوں کہ اس میچ میں کامیابی کےبعد ہی پہلےپی ایس ایل فائنل تک اور پھر پی ایس ایل ٹرافی تک رسائی ممکن ہوسکے گی۔

 

مزید خبریں :