کھیل
28 فروری ، 2017

پی ایس ایل فائنل زمین پر، ٹکٹ کی قیمت آسمان پر!

پی ایس ایل فائنل زمین پر، ٹکٹ کی قیمت آسمان پر!

 

پورے پاکستان کو لاہور میں 5 مارچ کو ہونے والے پی ایس ایل فائنل کا انتظارہے،کراچی سے پشاور تک کرکٹ کے دیوانے بے قرار ہیں، ٹکٹ کے لیے لگیں گی لمبی قطاریں، فائنل ہوگا زمین پر ، لیکن ٹکٹ کی قیمت پہنچ گئی آسمان پر۔

دو سال میں قذافی اسٹیڈیم کا 150 روپے والا ٹکٹ پانچ سو کا ہوگیا، 5 سو کے ٹکٹ کی قیمت چار ہزار روپے تک پہنچ گئی، 15سو والا ٹکٹ 12 ہزار روپے کا ہوگیا، ٹکٹ کی قیمتوں میں اضافے نے شائقین کو پریشان کر دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے لاہور فائنل کا اعلان کیا ہوا پورے ملک میں کرکٹ فیور چھا گیا، کراچی سے خیبر تک دیوانوں نے قذافی اسٹیڈیم کو منزل بنالیا، میچ دیکھنا ہے، سیٹی بجانی ہے، رنگ جمانا ہے، کرکٹ رگوں میں خون بن کر دوڑتی ہے، دنیا کو دکھانا ہے۔

لیکن ابھی خوشی کی چند بوندیں بھی نہ پڑی تھیں، مہنگے ٹکٹس کی چلچلاتی دھوپ نکل آئی، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو پر لگنا سنا تھا، مگر یہاں تو ٹکٹس ہاتھوں سے نکلنے کے لیے پھڑپھڑا رہے ہیں، قیمتیں سن کر ہاتھوں کے طوطے اڑنے لگے ہیں، یا یوں کہیے کہ فائنل زمین پر، ٹکٹس آسمان پر پہنچنے لگے ہیں۔

جو ٹکٹ پہلے ڈیڑھ سو سے 3سو روپے کا تھا، وہ اب 5سو روپے میں ملے گا، وہ بھی 24ہزار نشستوں میں سے صرف 10ہزار سیٹس کا ہے، باقی 14ہزار نشستوں کے بارے میں صرف سپنے ہی دیکھے جاسکتے ہیں،4 ہزار سے 12ہزار روپے کا ٹکٹ پیسے والا تو شاید خریدلے، عام آدمی کے بس کا روگ نہیں۔

زیادہ پرانی بات نہیں صرف 2 برس میں ٹکٹس کی قیمتوں میں زمین آسمان کا فرق آگیا، 2015ء میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان آئی تو اس وقت مہنگا ترین ٹکٹ ہزار سے 15سو روپے کا تھا، جو اب 12ہزار روپے تک پہنچ گیا ہے، اسی طرح جن انکلوژرز کے ٹکٹس اس وقت ڈھائی سو سے 500سو روپے تک فروخت ہوئے تھے، وہ اب 4ہزار روپے سے 8ہزار روپے تک کے ملیں گے، یہ پبلک ہے بھائی سب جانتی ہے کہ کونسا ٹکٹ کتنے کا ہونا چاہیے، اسٹیڈیم میں عوامی اسٹائل کا بینڈ باجا، ہلا گلا چاہیے تو قیمتیں نیچے لانا ہوں گی، ورنہ گھر کا صوفہ زندہ باد، ٹی وی اسکرین پائندہ باد۔

مزید خبریں :